مردوں کی دنیا میں ایک خاتون کا سیاست میں آنا کسی جنگ سے کم نہیں ہوتا‘ جیہ پرادہ
ممبئی: بالی ووڈ کی ماضی کی معروف اداکارہ اور سیاستدان جیہ پرادہ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان نے انہیں تیزاب سے جلانے کی کوشش کی تھی۔حال ہی میں اداکارہ جیہ پرادہ نے ایک انٹرویو میں اپنے ماضی کے چند خوفناک حادثوں اور اپنے اور سیاستدان امر سنگھ کے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ جیہ پرادہ نے کہا کہ مردوں کی اس دنیا میں ایک خاتون کا سیاست میں آنا کسی جنگ سے کم نہیں ہوتا۔ امر سنگھ نے ہر طرح کے حالات میں میری حمایت کی ہے، وہ میرے ’’گاڈ فادر‘‘ہیں، لوگوں کا تو کام ہے باتیں بنانا لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہتے ہیں۔
جیہ پرادہ نے کہا کہ بھارتی سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان نے الیکشن کے دوران نا صرف مجھے ہراساں کیا بلکہ مجھے تیزاب سے جلانے کی کوشش کی، تیزاب سے جلانے کا مطلب تھا کہ میری زندگی کو خطرہ تھا مجھے یقین نہیں تھا کہ میں اگلے دن کا سورج بھی دیکھ سکوں گی یا نہیں۔ میں نے اپنی والدہ کو کہہ دیا تھا کہ گھر سے باہر جانے پر مجھے واپس آنے کا بالکل یقین نہیں ہے۔ جب مجھے ضرورت تھی تو کسی سیاستدان نے میرا ساتھ نہیں دیا صرف امر سنگھ جی نے میری حمایت کی۔
جیہ پرادہ نے اپنی تصاویر لیک ہونے کے تجربے کے بارے میں بتایا کہ جب ان کی فوٹو شاپ کی ہوئی تصاویر لیک ہوئیں تو سیاستدان امر سنگھ بیمار اور اسپتال میں داخل تھے۔ وہ وقت میرے لیے بہت مشکل تھا، میں جینا نہیں چاہتی تھی اور سنجیدگی سے خودکشی کرنے کا سوچ رہی تھی تاہم امر سنگھ نے مجھے سمجھایا کہ جو میں سوچ رہی ہوں وہ ٹھیک نہیں ہے۔