پہلے سے پابندی کا شکار پاکستانی فنکاروں پر دوبارہ کیسے پابندی لگ سکتی ہے، سشانت سنگھ
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی پر اپنی ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ان فنکاروں پر دوبارہ کیسے پابندی عائد کرسکتے ہیں جو پہلے ہی پابندی کا شکار ہیں۔
سینے اینڈ ٹی وی آرٹسٹ ایسوسی ایشن (سینٹا) کے جنرل سیکریٹری اوربھارتی ٹی وی کے معروف اداکار سشانت سنگھ نے پلوامہ حملے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کی پابندی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کیسے ان فنکاروں پر پابندی لگا سکتے ہیں جن پر پہلے سے ہی پابندی لگی ہوئی ہے۔
پلوامہ حملے کے بعد پہلا ردعمل یہ آیا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مہربانی کرکے اپنی آنکھیں کھولیے اور دیکھیے ہماری فلم انڈسٹری اڑی حملے کے بعد سے ہی پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہیں کررہی۔
اس کے ساتھ ہی سشانت نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت تجارتی تعلقات کیوں ختم نہیں ہوئے تاکہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جاتا کہ وہ اپنی زمین پر ہونے والی دہشتگردانہ کارروائیوں کے خلاف اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ہی سشانت سنگھ نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچ پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی۔
اداکار سشانت نے اس واقعے کے سب سے اہم پہلو کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا سب سے اہم سوال یہ ہوناچاہئے کہ ہماری انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کیسے چوک گئی کہ اتنا بڑا واقعہ ہوگیا یہ نہیں کہ پاکستانی فنکار بھارت میں کام کریں گے یا نہیں۔