انٹرٹینمنٹ

پاکستانی حدود میں فضائی حملے کیخلاف پاکستانی فنکار بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ

کراچی: بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی حدود میں فضائی حملے اور جھوٹی سرجیکل اسٹرائیک کو جہاں پاک فوج نے ناکام بنادیا وہیں پاکستانی شوبز فنکاروں نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے رات کے اندھیرے میں بزدلوں کی طرح کیے جانے والے فضائی حملے پر پاکستان شوبز اسٹارز نے نا صرف حملے کی مذمت کی ہے بلکہ بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے اس حملے کی تعریف اور جنگ کا پرچار کرنے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے’’میں دیکھ رہی ہوں کچھ بالی ووڈ فنکاروں کےاکاؤنٹس سے جنگ کی حمایت کی جارہی ہے۔ ان لوگوں کو دنیا کا مستقبل خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، آرٹسٹوں کو سمجھدار ہوناچاہئے۔‘‘

اداکار فیصل قریشی نے لکھا ’’ہماری برداشت کا اور امتحان مت لو‘‘ اس کے ساتھ ہی فیصل قریشی نے پاکستانی نیوز اینکر کی ٹوئٹ اپنے اکاؤنٹ پر ری ٹوئٹ کی جس میں لکھا ہے ’’ہمیں امن کے لیے آخری حد تک جانا چاہیے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو پھر ہم لڑائی میں بھی آخری حد تک جائیں گے۔ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو جنگ کی آگ میں نہیں جھونکنا چاہتے لیکن کوئی راستہ نہ چھوڑاگیا تو ہم اپنے بچوں کے لیے بزدلی کی داستانیں نہیں چھوڑیں گے۔ اس کے ساتھ فیصل قریشی نے ’’پاکستان تیار ہے‘‘کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

اداکارہ ماورا حسین نے بالی ووڈ اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ’’یہ بے تکی چالیں ہیں، اور بیوقوف لوگ بیوقوفی کی حمایت کررہے ہیں۔‘‘

اداکار اعجاز اسلم نے بھارتیوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اپنی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی حملے پر فوری اور بروقت کارروائی کرکے انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا، پاکستان تجھے سلام‘‘۔

اداکاروگلوکار ہارون شاہد نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘اور’’ ہم سے پنگا نہیں لینا‘‘کے ہیش ٹیگ استعمال کیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close