بھارتی میڈیا نے اپنی قوم کو تقسیم جبکہ پاکستانی میڈیا نے اپنی قوم کو یکجا کردیا، جاوید شیخ
کراچی: پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے اپنی قوم کو تقسیم کرد یا جبکہ پاکستانی میڈیا نے اپنی قوم کویکجا کردیا ہے۔ انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اپنی عوام میں نفرت کے بیج بوئے ہیں جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ممبئی میں ایک کراچی نام کا ریسٹورنٹ تھا جس پر بھارتی انتہا پسندوں نے ہلہ بول کر نقصان پہنچایا اور جن جن دکانوں پر پاکستانی مصالحہ جات فروخت ہوتے تھے انہیں بھی نقصان پہنچایا گیا جبکہ کراچی میں ممبئی کے نام سے ہوٹل موجود ہے مگر کسی بھی پاکستانی نے اس طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھا۔
جاوید شیخ نے کہا کہ بھارت میں ایک بڑا حلقہ ایسا بھی ہے جو جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے اور ہمارے وزیر اعظم عمران خان نے بھی نریندر مودی کو امن کے لئے بات چیت کی دعوت دی ہے ، اب گیند بھارت کے کوٹ میں ہے کہ وہ ہمارے مثبت رویے کا جواب کس انداز میں دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی پسندی کسی بھی مذہب میں درست نہیں اس کی ہمیشہ مذمت کی جاتی ہے مگر بھارت میں انتہا پسندی کو فروغ دیا جا رہا ہے اس سے نہ صرف بھارت میں بسنے والی اقلیتی کو نقصان ہو گا بلکہ بھارت کی ساکھ کو بھی خطرہ پڑ جائے گا اور یہ اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گا ۔