مجھے اپنے لبرل اور ماڈرن ہونے پر شرمندگی ہے، رابی پیرزادہ
لاہور: پاکستان میں عورت مارچ کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک بحث جاری ہے۔ اسی بحث میں معروف اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ’ مجھے اپنے لبرل اور ماڈرن ہونے پر شرمندگی ہے، کیوں کہ میں کیسے ایک ایسے مرد کے خلاف ہو سکتی ہوں جو اللہ نے انسانوں میں اپنی پہلی تخلیق بنائی، جس مرد کی خواہش پر عورت کو تخلیق کیا، آپ عورت یہ مت بھولیں،باپ،بھائی کتنا پیارا تعلق ہے‘۔
رابی پیرزادہ نے مرد حضرات کی مزید تعریف میں ایک اور ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا ’ سب سے بڑھ کر تمام انبیاؑءمرد تھے اور میرے پیارے رسول ﷺ (میری جان،مال،ماں،باپ،بچے قربان) ایک مرد تھے‘۔
رابی پیرزادہ نے کہا ’ میں مردوں سے نفرت نہیں کر سکتی، میرا دوپٹہ اور میری چادر اور حیا اس مرد سے ہے، آج میرے پاو¿ں تلے جنت اسی مرد کے ہونے سے ہے‘۔
خیال رہے کہ 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین پر پاکستان کے بڑے شہروں میں خواتین کے حقوق کیلئے ریلیاں نکالی گئی تھیں۔ ان ریلیوں کے دوران لگنے والے بعض نعروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوا ہے، بعض نوجوانوں کی جانب سے 24 مارچ کو عورت مارچ کے جواب میں ’ مرد مارچ‘ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔