دماغی انتشار کی کہانی یا پراسرار واقعات کا مجموعہ
ہالی ووڈ کی سسپنس فلم ’آ کیور فور ویل نیس‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا۔ فلم کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ انسانی ذہن ہوش کی سرحدوں سے دور ہو کر کیا کیا کمالات دکھا سکتا ہے
شہرہ آفاق فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیربیئن‘ کے ڈائریکٹر گور وربنسکی کی آنے والی فلم ’آ کیور فور ویل نیس‘ اس بار عقل و شعور کی سرحد سے دور پیش آنے والے واقعات کو بڑے پردے پر پیش کرنے والی ہے۔
جاری کیے جانے والے ٹریلر میں ڈین ڈہان کو دکھایا گیا ہے جنہیں ذہنی صحت کی بحالی کے ایک ادارے میں بھیجا جاتا ہے۔
لیکن یہاں پہنچ کر انہیں احساس ہوتا ہے کہ اس ادارے میں پس پردہ بھی کچھ پراسرار کام جاری ہیں جن کا تعلق انسانی دماغ سے ہے۔
ٹریلر میں دکھائے گئے مختلف تخیلاتی مناظر سے ایک ہلکی سی جھلک دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہمارا دماغ کس قدر طاقت ور ہے اور صحت مندی، بیماری یا انتشار کی حالت میں ہمیں کیا کیا دکھا سکتا ہے۔
اسی طرح خود کشی کا ایک منظر دکھا کر ذہنی بیماریوں کا شکار افراد کی دماغی کشمکش کو ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ایک منظر میں اداکارہ میا گوتھ بھی دکھائی دیں جو اس سے قبل فلم ’ایورسٹ‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
ڈین ڈہان ان اسرار بھرے واقعات اور مخفی رازوں کا کھوج لگانے کی کوشش کرتے ہیں جو اس ادارے میں وقوع پذیر ہو رہے ہیں، جس کے بعد ان کی اپنی دماغی صحت کی خرابی کے خدشات پیدا ہوجاتے ہیں۔
ٹریلر کے آخری سین میں ڈین ایک سبز محلول میں کچھ انسانوں کو دیکھتا ہے جو بے ہوشی کی حالت میں وہاں موجود ہوتے ہیں تب اس پر انکشاف ہوتا ہے کہ وہ خود بھی اسی بیماری میں مبتلا ہے جس میں یہ لوگ مبتلا تھے اور انہیں ’علاج‘ کی خاطر اس محلول میں ڈالا گیا ہے۔
فلم اگلے برس 17 فروری کو ریلیز کردی جائے گی۔
A Cure for Wellness | Official Trailer [HD] |