انٹرٹینمنٹ

بولڈ اداکارہ مہوش حیات کو ایک بار پھر آئٹم نمبر کرنا مہنگا پڑگیا

کراچی: سوشل میڈیا صارفین نے بولڈ اداکارہ مہوش حیات کے تمغہ امتیاز پر ایک بار پھر سوالات اٹھاتے ہوئے انہیں بے ہودہ رقص کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ مہوش حیات کا شمار پاکستان کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ٹی وی میں اداکاری کا لوہا منوانے کے بعد فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اوراپنی اداکاری سے سب کی چھٹی کردی۔

شوبز انڈسٹری میں بہترین خدمات انجام دینے پرانہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا لیکن سوشل میڈیا صارفین  کو حکومت کی جانب سے انہیں تمغہ امتیاز دینا بالکل بھی پسند نہیں آیا اورسوشل میڈیا پرمہوش کوتمغہ امتیاز دینے کے حوالے سے کئی ماہ تک تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ یہ معاملہ کافی حد تک تھم چکا تھا کہ مہوش کے نئے آئٹم نمبرنے ایک بار پھر چنگاری بھڑکادی۔

یہ بھی ہپڑھیں: بولڈ ماڈل مہوش حیات کی تازہ تصویر نے سوشل میڈیا پر ’آگ‘ لگا دی

عید الفطرپرمہوش حیات کی ریلیز ہونے والی فلم ’’چھلاوا‘‘ میں مہوش نے’’چڑیا‘‘ نامی آئٹم نمبر پر پرفارم کیا ہے اور اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس گانے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین کو مہوش حیات کا آئٹم نمبر کرنا ایک آنکھ نہیں بھارہا اور انہوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک بار پھر انہیں تمغہ امتیاز دینے پر سوالات اٹھادئیے ہیں۔

ردا نامی خاتون نے مہوش حیات کی پرفارمنس پر طنز کرتے ہوئے کہا اس پرفارمنس پر ایک اور تمغہ امتیاز دے دو اس کو۔ جب کہ صفدر لبنیٰ نامی صارف نے تو مہوش حیات کو بے ہودہ رقص کرنے پر کھری کھری سناتے ہوئے کہا اتنے گندے ماحول میں کیسے ڈانس کرلیتی ہو، جہاں تمام لوگ آپ کو گندی نظروں سے دیکھ رہے ہیں، مطلب پیسے کے لیے آپ کچھ بھی کرلیں گی؟ اتنا حوصلہ کیسے آتا ہے آپ میں؟ ایک صارف نے تو مہوش حیات کو غریبوں کی کترینہ کیف قرار دے دیا۔

جہاں کچھ صارفین نے مہوش حیات پر تنقید کی ہے وہیں کچھ لوگوں نے انہیں سراہا بھی ہے۔ گلوکارہ واداکارہ میشا شفیع، گلوکارہ آئمہ بیگ اور بھارتی اداکار اور سابق بگ باس کنٹیسٹنٹ علی کلی مرزا نے مہوش حیات کی تعریف کرتے ہوئے ان کی پرفارمنس کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ مہوش حیات کی فلم ’’چھلاوا‘‘ باکس آفس پر اچھا بزنس کر رہی ہے اور ریلیز کے 5 دنوں میں 11 کروڑ سے زائد کی کمائی کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close