دپیکا پڈوکون اپنے والد کا کردار ادا کرنے کی خواہش مند
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے والد کے کردار سے متعلق انوکھی خواہش کا اظہار کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون نے ایک چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ فلموں میں اپنے والد پراکاش پڈوکون کا کردار نبھانا چاہیں گی کیوں کہ وہ بھارت کے پہلے شخص ہیں جنہوں نے آل انگلینڈ بیڈ منٹن چیمپئن شپ جیتی تھی۔
دپیکا پڈوکون نے یہ بھی کہا کہ میں اس بات کو سمجھتی ہوں کہ میرے سامنے صنف کا مسئلہ درپیش ہے لیکن اگر مجھے کسی کھلاڑی کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا تو میں اپنے والد کا کردار یا اس دور کے لیجنڈ کھلاڑیوں کا کردار نبھانا پسند کروں گی۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکاپڈوکون مزاحیہ چہرے بناکر اپنی ماں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرتی رہیں
اداکارہ نے یہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ والد نے محدود وسائل، فنڈز اور دیگر سہولیات کی کمی کے باوجود جن حالات میں کامیابیاں حاصل کیں اور اْن کی لگن اور کامیابی نے انہیں جو مقام دلایا وہ قابل تعریف اور میرے نزدیک بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اب پہلے جیسے حالات نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون ان دنوں میگنا گلزار کی فلم ’چھپاک‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں، یہ فلم اگلے سال 2020ء میں 10 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔