کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر ارمیلا غدار قرار
نئی دلی:
نامور بالی ووڈ اداکارہ اوربھارتی سیاسی جماعت کانگریس کی رکن ارمیلا ماٹونڈ کر کو کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر بھارتیوں نے غدار قرار دے دیا۔
بھارت میں یہ روایت عام ہے کہ اگرکوئی اداکاریا اداکارہ پاکستان کی حمایت میں یا کشمیر میں ہونےوالے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو اسے فوراً غدار قرادے دیاجاتا ہے جس کی کئی مثالیں موجود ہیں اور اب سچ بولنے پر اداکارہ ارمیلا ماٹونڈ کر بھارتیوں کے غصے کا شکار ہوئی ہیں۔
نامور بھارتی اداکارہ اور سیاست دان ارمیلا ماٹونڈ کر نے دوروز قبل مقبوضہ کشمیر میں ہفتوں سے جاری کرفیو اورلاک ڈاؤن کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔ جب کہ ا س سے قبل انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بھی مودی سرکار کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت مقبوضہ جموں کشمیر میں سب کچھ اچھا ہے دکھانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، لیکن آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ساتھ کشمیر کے بہتر مستقبل کی باتیں، مقامی افراد اور کشمیری قیادت پر تشدد کب ختم ہوگا؟۔
ارمیلا کے اس ٹوئٹ نے بھارتی صارفین کو آگ بگولہ کردیا اور وہ حسب روایت اداکارہ پر چڑھ دوڑے۔ ویبھو نامی صارف نے ارمیلا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں غدار قرار دیتے ہوئے کہا ارمیلا تمہیں شرم آنی چاہئیے۔ افسوس ہوتا ہے کہ تم جیسے لوگ ہمارے ملک میں موجود ہیں جو مقبولیت حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کہتے ہیں۔ میری بات یاد رکھنا یہ سب تمہارے ہی خلاف جائے گا اور لوگ تمہیں ووٹ نہیں دیں گے۔
ایک اور صارف نے اپنا غصہ نکالتے ہوئے ارمیلا کو ناکام اداکارہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت کے ہر اقدام میں اس کی حمایت کرو۔
تاہم کچھ لوگوں نے ارمیلا کو سراہتے ہوئے کہا ایک غیر مسلم اداکارہ کشمیر کے معاملے پر جرات و بہادری دکھارہی ہے جب کہ مسلمان اداکار شاہ رخ خان اس وقت کہاں ہیں؟
یاد رہے کہ ارمیلاعیدالاضحیٰ کے موقع پر کشمیر میں ہی موجود تھیں جہاں انہوں نے بھاری دل کے ساتھ کشمیریوں کو عید کی مبارک دیتے ہوئے دعا کی تھی کہ کشمیری جلد ہی اندھیرے اورتشدد بھرے ماحول سے باہر نکل آئیں۔ جس پر ایک صارف نے انہیں ’’آدھا پاکستانی‘‘قرار دے دیاتھا۔