انٹرٹینمنٹ

فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی, پاکستانی اداکارہ وینا ملک

کراچی: نامورپاکستانی اداکارہ وینا ملک کا کہنا ہے کہ فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن بات جب پاکستان اور بھارت کی آتی ہے تو یہاں فنکاروں کی حدود ہوتی ہے۔

پاکستانی اسکینڈل کوئین اداکارہ وینا ملک جہاں ماضی میں بالی ووڈ میں کام کرنے کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہیں وہیں آج کل اپنے سیاسی خیالات کے باعث سوشل میڈیا پر کافی زیر بحث رہتی ہیں۔  بھارت میں متنازع فوٹوشوٹ کرنے سے لے کر رمضان میں پروگرام کی میزبانی کرنے تک وینا ملک کی زندگی میں کئی اتارچڑھاؤ آئے۔  حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران وینا ملک نے اپنی زندگی کی ان باتوں کو مداحوں کے ساتھ شیئرکیا جو اس سے قبل منظر عام پر نہیں آئی تھیں۔

پاک بھارت کشیدگی کے باعث فنکاروں پر لگنے والی پابندی کے حوالے سے وینا نے کہا فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی،  فنکار دنیا میں کہیں بھی جاسکتے ہیں، لیکن بات جب پاکستان بھارت کی آتی ہے تو یہاں فنکاروں کی حدود ہوتی ہیں کیونکہ اگر حدود نہیں ہوتی تو سرحد پار جاکر کام کرنے والے فنکاروں پر تنقید نہیں ہوتی۔  خاص طور پر جب بات مودی کی قیادت میں بھارت کے موجودہ حالات کی ہو، جہاں بھارت کی اپنی اقلیتیں بھی محفوظ نہیں۔

وینا ملک نے اپنی شادی اورطلاق کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ 2015 میں ان کی شوہر سے علیحدگی ہوگئی تھی اور 2016 میں دونوں کےدرمیان طلاق ہوگئی ۔ اپنے دونوں بچوں کی کسٹڈی حاصل کرنے کے لیے انہوں نے طویل قانونی جنگ لڑی تاہم جب بچوں کی کسٹڈی انہیں مل گئی تو ان کا سابق شوہران کے بچوں کے پاسپورٹ لے گیا جنہیں حاصل کرنے کے لیے انہوں نے ایک اور قانونی جنگ لڑی۔

وینا ملک نے کہا کہ وہ دو زندگیاں جی رہی ہی، اپنی ذاتی زندگی میں وہ سادگی سے رہنا پسند کرتی ہیں جیسے کہ ہر ماں اپنے بچوں کے ساتھ رہتی ہے۔  وینا ملک نے بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا بگ باس نے میری زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔  جب آپ اجنبیوں کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتے ہیں اور باہرکی دنیا سے آپ کا کوئی تعلق نہیں ہوتا تو اس وقت دراصل آپ کو خود کی پہچان ہوتی ہے۔  وینا ملک نے کہا انہیں بگ باس جوائن کرنے کی کئی بار پیشکش ہوئی ہے لیکن اب وہ یہ باب بند کرچکی ہیں۔

وینا ملک نے ماہرہ خان اورفردوس جمال تنازعے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا جب پوری انڈسٹری فردوس جمال کے خلاف ہوگئی تو مجھے برا لگا کیونکہ ہم سب ایک ہیں اورہماری انڈسٹری ایک یونٹ ہے۔  اگر آپ فردوس جمال کو برا کہیں گے تو آپ پوری انڈسٹری کو برا کہہ رہے ہیں،اسی طرح اگر ماہرہ خان کو برا کہیں گے تو پوری انڈسٹری کو برا کہیں گے۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ عمر کے بارے میں بات کرنا کوئی بڑی بات نہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close