صبا قمر نے کامیڈی فلم ’کلبھوشن جادیو‘ میں کام کرنے سے متعلق خاموشی توڑ دی
کراچی:
اداکارہ صبا قمر نے آنے والی فلم ’کلبھوشن جاوید‘ میں کام کرنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برائے مہربانی جھوٹی خبریں شائع نہ کی جائیں۔
صبا قمر کے حوالے سے خبریں زیر گردش تھیں کہ اداکارہ نے بھارتی جاسوس پر مبنی کامیڈی فلم ’کل بھوشن جادیو‘ سائن کرلی ہے اور اب وہ اس میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے فلم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری تھیں تاہم صبا قمر نے خود میدان میں آکر فلم میں شامل ہونے کے حوالے سے خاموشی توڑ دی۔
صبا قمر نے اپنی ٹویٹ میں ایک ویب سائٹ میں کام کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کا اسکرین شارٹ شیئر کیا اور تردید کرتے ہوئے کہا کہ اکثر میرے پیٹھ پیچھے ہونے والے مزاحیہ واقعات کا مجھے پتا چلتا ہے کہ میں نے ایک اور فلم سائن کرلی ہے جس کا مجھے خود بھی پتا نہیں ہوتا۔
صبا قمر نے یہ بھی کہا کہ ایمانداری کی بات یہ ہے کہ اگر میں کوئی فلم کروں گی تو خود سب کو بتاؤنگی جس کے لیے میں خود یہاں موجود بھی ہوں۔ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں اس وقت فلم ’کملی‘ کر رہی ہوں اس لیے برائے مہربانی ریٹنگ کی وجہ سے جھوٹ پر مبنی خبریں شائع کرنے سے اجتناب کریں۔