نوبیل انعام یافتہ سائنسدان ڈاکٹرعبدالسلام پر مبنی فلم آئندہ ماہ ریلیز ہوگی
پاکستان کے پہلے اور اب تک کے واحد نوبیل انعام یافتہ سائنسدان ڈاکٹر عبدالسلام کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم آئندہ ماہ نیٹ فلیکس پر ریلیز ہوگی۔
ڈاکٹر عبدالسلام 1926 میں برصغیر میں پاکستان کے موجودہ پنجاب میں پیدا ہوئے، انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے فزکس کی دنیا میں زبردست خدمات انجام دیں جس پر انہیں 1979 میں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔
ڈاکٹر عبدالسلام کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم کا نام ‘سلام’ ہے جو آئندہ ماہ یکم اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔
دستاویزی فلم ‘سلام’ کو آن لائن اسٹریمنگ چینل نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا جب کہ اس سے قبل فلم کو متعدد انٹرنیشنل فلم فیسٹولز میں پیش کیا جاچکا ہے۔
‘سلام’ کو جنوبی ایشین ہیومن رائٹس فیسٹیول، ڈی ایف ڈبلیو، جنوبی ایشین فلم فیسٹیول، ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول آف مونٹریال اور جنوبی ایشین عالمی فلم فیسٹیول میں بھی دکھایا جا چکا ہے۔
دستاویزی فلم میں ان کی زندگی کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ سائنسی تجربات اور ان میں درپیش مسائل کو دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی ان کی کامیابیوں کو بھی نمایاں کر کے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔