سرمد کھوسٹ کی فلم ‘زندگی تماشا‘ کی پہلی جھلک جاری
معروف ہدایت کار و اداکار سرمد کھوسٹ کی آنے والی فلم ’زندگی تماشہ‘ کی پہلی جھلک جاری ہوگئی۔
فلم ’منٹو‘ کی شاندار کامیابی کے بعد سرمد کھوسٹ ایک بار پھر معاشرے سے جڑی کہانیوں پر مبنی فلم ’زندگی تماشہ‘ پیش کریں گے جس کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے۔
ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے سوشل میڈیا پر اپنی فلم کے کرداروں کی پہلی جھلک متعارف کروائی جس میں اداکارہ سمیا ممتاز ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جن کا نام ’فرخندہ‘ ہے۔
اس کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں عارف حسن، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی شامل ہیں۔
فلم ’زندگی تماشہ‘ میں دو زبانیں استعمال کی گئی ہیں کچھ کردار اردو بولتے ہوئے دکھائی دیں گے جب کہ کچھ پنجابی۔
فلم ’زندگی تماشہ‘ کی کہانی صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں مختلف افراد کی زندگی گزارنے کے فن کا آئینہ ہوگی یہی وجہ ہے کہ فلم کی مکمل عکس بندی لاہور میں کی گئی ہے۔
سرمد کھوسٹ کے ساتھ اس فلم کی شریک پروڈیوسر ان کی بہن کنول کھوسٹ ہیں جب کہ فلم کا اسکرپٹ نرمل بانو نے تحریر کیا ہے۔
فلم میں سرمد کھوسٹ خصوصی شرکت بھی کریں گے تاہم فلم عالمی بوسن فلم فیسٹیول میں رواں برس ریلیز ہوگی۔
واضح رہے کہ فلم ‘زندگی تماشا’ پر سینسر بورڈ کی جانب سے پابندی عائد کی گئی تھی بعد ازاں فلم کو تین سینسر بورڈ نےکلیئر کردیا اور فلم جلد سینما گھروں پر دھوم مچائے گی۔