فلم ساز انوراگ کشیپ نے میرے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی
اداکارہ پائل گھوش کا فلم ساز انوراگ کشیپ پر جنسی استحصال کا الزام
پائل گھوش نے 19 ستمبر کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں فلم ساز انوراگ کشیپ کو مینشن کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فلم ساز نے ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
پائل گھوش نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مینشن کرتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
@anuragkashyap72 has forced himself on me and extremely badly. @PMOIndia @narendramodi ji, kindly take action and let the country see the demon behind this creative guy. I am aware that it can harm me and my security is at risk. Pls help! https://t.co/1q6BYsZpyx
— Payal Ghosh (@iampayalghosh) September 19, 2020
پائل گھوش نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ نوٹس لے کر فلم ساز کو گرفتار کریں اور لوگوں کو بتائیں ایک تخلیقی شخص کے پیچھے شیطان چھپا ہوا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے بعد 19 اور 20 ستمبر کو بھارت میں ٹوئٹر پر ایک بار پھر (می ٹو) کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا اور کئی لوگوں نے پائل گھوش کے انکشافات پر حیرانی کا اظہار بھی کیا۔
کئی افراد نے اداکارہ کو اتنی تاخیر سے واقعے کو سامنے لانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا، تاہم بعد ازاں انہوں نے بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں واضح کیا کہ انہوں نے دوستوں اور اہل خانہ کے کہنے پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔
انٹرویو میں پائل گھوش نے خود کو ہراساں کیے جانے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ فلم ساز نے انہیں 6 سال قبل 2014 میں استحصال کا نشانہ بنایا۔
اداکارہ کے مطابق 2014 میں فلم ساز نے انہیں اپنے گھر پر بلایا تھا اور وہ دونوں کے درمیان دوسری ملاقات تھی۔
پائل گھوش کے مطابق انوراگ کشیپ انہیں اپنے گھر کے ایک کمرے میں لے گئے، جہاں داخل ہوتے ہی فلم ساز نے اپنے کپڑے اتار کر ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے انوراگ کشیپ کو کہا کہ آج وہ اس کام کے لیے تیار نہیں ہیں تاہم فلم ساز نے ان کی بات نہ مانی اور وہ ان کے قریب سے قریب تر آگئے، لیکن انہوں نے مسلسل احتجاج کیا کہ وہ کسی بھی کام کے لیے تیار نہیں ہیں۔
پائل گھوش کے مطابق ان کی مسلسل منتوں کے بعد انوراگ کشیپ مان گئے تاہم ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کو وارننگ دی کہ دوسری مرتبہ وہ ذہنی طور پر تیار ہوکر آئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے انوراگ کشیپ سے دوسری بار تیار ہونے کا وعدہ کرکے اجازت لی اور پھر کبھی ان کے پاس نہیں گئیں اور نہ ہی ان کے موبائل پیغامات کا جواب دیا۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس انوراگ کشیپ کے خلاف کوئی بھی ثبوت نہیں ہے تاہم فلم ساز نے ان کا استحصال کیا تھا۔
اداکارہ کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد انوراگ کشیپ نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے پائل گھوش کے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔