شاہ رخ کو اردو زبان کی ترویج پرڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا گیا
حیدر آباد دکن: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو بھارت کی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اردو زبان کی تشہیر و ترویج کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا۔
بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں واقع مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی کا چھٹا کا نووکیشن منعقد کیا گیا جس میں دنیا بھر میں اردو زبان کی ترویج کے لیے کام کرنے والوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں دی گئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اردو زبان کی تشہیروترویج پر ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جو کسی بھی بھارتی یونیورسٹی کی جانب سے شاہ رخ کے لیے پہلی اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ہے۔
شاہ رخ خان نے کانووکیشن میں عام طالب علم کی طرح گاؤن اور کیپ پہن کرشرکت کی جنہیں یونیورسٹی کے چانسلر نے اعزازی ڈگری سے نوازا جب کہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ والدہ کے آبائی علاقے کی یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنے پرخوشی سے پھولا نہیں سما رہا ہوں جس کے لیے سب کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اعزازی ڈگری کو اردو زبان اور تعلیم کی ترویج کے لیے ذمہ داری کے طور پر سمجھتا ہوں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو برطانیہ کی ایڈن برگ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی تھی۔