فلم فیئر ایوارڈز کے لیے چار پاکستانی فنکار نامزد
انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ سال کی ابتدا ایوارڈز کی رنگارنگ تقریبات سے ہوتی ہے۔ رواں ماہ 14 جنوری کو ممبئی میں منعقد ہونے والے ‘جیو فلم فیئر ایوارڈز’ کے لیے چار پاکستانی فنکاروں کو نامزد کیا گيا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
پہلے سٹار سکرین ایوارڈز کا انعقاد ہوا پھر سٹار ڈسٹ ایوارڈز کی تقریبات نے لوگوں کو مسحور کیا جبکہ ہالی وڈ میں گولڈن گلوب کی تقریب اتوار کو ہی منعقد ہوئی۔
اب انڈیا کے سب سے معروف ؛فلم فیئر ایوارڈز؛ کی باری ہے جس کی مکمل نامزدگیاں جاری کر دی گئی ہیں۔
اس فہرست میں دسمبر کے آخر میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دبنگ’ کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کے بعد مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے۔
ان ایوارڈز میں پاکستانی اداکار فواد خان کو فلم ‘کپور اینڈ سنز’ میں اداکاری کے تعلق سے بہترین معاون اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ان کا مقابلہ اسی فلم میں اداکاری کے لیے اپنے زمانے کے معروف اداکار رشی کپور سے ہے۔
یہ مقابلہ انتہائی سخت تسلیم کیا جا رہا ہے کیونکہ رشی کپور کو سٹار سکرین ایوارڈ اور سٹارڈسٹ ایوارڈ میں اسی کردار کے لیے بہترین معاون اداکار کے اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔
پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے ساتھ گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کو بھی سنگرز کے زمرے میں نامزدگیاں ملی ہیں۔
عاطف اسلم کو فلم ‘رستم’ کے گیت ‘تیرے سنگ یارا’ کے لیے مقابلے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ راحت فتح علی خان کو سلمان خان کی معروف فلم ‘سلطان’ کے گیت ‘جگ گھومیا’ کے لیے نامزدگی ملی ہے۔
قرۃ العین بلوچ کو فلم ‘پنک’ کے گیت ‘کاری کاری’ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو کہ ان کی پہلی نامزدگی ہے۔
فواد خان کو گذشتہ سال فلم ‘خوبصورت’ کے لیے ‘بیسٹ میل ڈبیو’ کا ایوارڈ مل چکا ہے جبکہ راحت فتح علی خان کو فلم ‘عشقیہ’ کے گيت ‘دل تو بچہ ہے جی’ کے لیے سنہ 2011 میں ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔
دوسری جانب نامزدگیاں جاری کیے جانے کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑی ہوئی ہے اور ‘فلم فیئر ایوارڈ آن سیل’ کا ایک ہیش ٹیگ گردش کر رہا ہے۔
اس میں زیادہ تر افراد اس بات سے ناراض نظر آ رہے ہیں کہ اکشے کمار کو بہترین اداکاری کے زمرے میں نامزد کیوں نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ سٹار سکرین اور سٹار ڈسٹ ایوارڈز کو دیکھ کر یہ پتہ چلتا ہے کہ ایوارڈز خیموں میں منقسم ہے کیونکہ جہاں سٹار ڈسٹ نے سلمان خان کی فلم ‘سلطان’ کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا ہے وہیں سکرین ایوارڈ میں فلم ‘پنک’ کو بہترین فلم قرار دیا گيا ہے۔
امیتابھ بچن فلم ‘پنک’ میں اداکاری کے لیے دونوں جبگہ بہترین اداکار قرار دیے گئے ہیں۔
سکرین میں عالیہ بھٹ کو ‘اڑتا پنجاب’ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا ہے جبکہ سٹار ڈسٹ نے سونم کپور کو ‘نیرجا’ کے لیے بہترین اداکارہ قرار دیا ہے۔ بہر حال دونوں ایوارڈز کی تفصیلات دو مختلف تصاویر دکھاتی ہیں۔