ماڈل مریم نفیس بھی کورونا کی دوسری لہر کا شکار بن گئی
کورونا کی دوسری لہر کے دوران عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ بھی حال ہی میں شکار ہو چکی ہیں
کورونا کی دوسری لہر کے دوران سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات میں بھی کورونا کی تشخیص ہو رہی ہے۔
اداکار و ماڈل مریم نفیس میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں قرنطینہ میں لی گئی سیلفی شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔
مریم نفیس نے بتایا کہ انہوں نے کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کروایا جو بدقسمتی سے مثبت آیا، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔
دوسری لہر کے دوران متعدد شوبز شخصیات کورونا کا شکار بن چکی ہیں، جن میں اداکار عثمان مختار، امیر گیلانی، ماڈل و اداکارہ علیزے گبول بھی شامل ہیں۔
عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ میں بھی حال ہی میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طبیعت بگڑ جانے پر عامر لیاقت کو ہسپتال بھی منتقل کردیا گیا تھا، تاہم اب ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے جب کہ ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر کورونا سے صحت یاب ہوچکی ہیں۔
کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا کا شکار ہوئی تھیں، جن میں سے تمام شخصیات ڈیڑھ سے دو ماہ کے دوران صحت یاب ہوگئی تھیں۔
پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی درجنوں شوبز شخصیات کورونا کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر صحت یاب ہوگئیں۔