کسان مظاہرین نے فلم کی شوٹنگ روک دی
بالی وڈ: جھانوی کپورکو بھارتی پنجاب میں کسانوں نے فلم کی شوٹنگ سے روک دیا۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران مظاہرین نے فلم کے عملے اور ادکاروں کا گھیراؤ کرلیا اور مطالبہ کیا کہ متنازع زرعی قوانین کے حوالے سے بیان دیں
بالی وڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپورکو بھارتی پنجاب میں کسانوں نے فلم کی شوٹنگ سے روک دیا۔
کسانوں کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کی جانب سے ابھی تک ہمارے حق میں کوئی بیان نہیں دیا گیا اور نہ ہی کوئی تبصرہ کیا گیا،جس پر فلم ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ فلم کی ہیروئین جھانوی کپور اس حوالے سے ضرور بیان دیں گی جس کے بعد مظاہرین وہاں سے چلے گئے اور شوٹنگ دوبارہ شروع ہوگئی۔
جھانوی کپور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ میں لکھا کہ کسان ہمارا دل ہیں اور میں ملک کو خوراک کی فراہمی کے لیے ان کے کردار کو تسلیم کرتی ہوں، مجھے امید ہے کہ اس مسئلے کا جلد حل نکلے گا جو کہ کسانوں کے حق میں ہوگا۔
بھارت میں کسان 51 روز سے کسان مخالف نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور سیکڑوں کسانوں نے نئی دہلی کے مختلف راستوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔
کسانوں اور حکومت سے مذاکرات کے کئی دور ناکام ہوچکے ہیں اور بھارتی حکومت کے ظالمانہ تشدد کے باوجود کسان اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔