پاکستانی ڈراموں میں تبدیلی آئی ہے، صبا حمید
مقبول اداکارہ صبا حمید نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراما تباہ نہیں ہوا اس میں تبدیلی آئی ہے
صبا حمید نے کہا کہ انہیں ایسے الفاظ کے استعمال پر اعتراض ہے جو یہ کہتے ہیں کہ آج کا ڈراما تباہ ہو گیا ہے۔
صبا حمید نے کہا کہ ڈراما تباہ نہیں ہوا بس تبدیلی آئی ہے، جب لوگوں کی اتنی بڑی تعداد ڈراموں کو دیکھ رہی ہے تو پھر تباہی کیسی؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ لکھاری اچھا لکھ رہے ہیں، کچھ تھوڑا کم اچھا لکھ رہے ہیں، کچھ کہانی کو اچھے انداز میں بیان کرتے ہیں جبکہ کچھ ایسا نہیں کرپاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات اسکرپٹ میں خرابی ہوتی ہے تو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اگر ڈراما اچھا نہیں بن رہا تو اس کا ذمہ دار لکھاری ہے اور اسی نے ڈراما تباہ کردیا۔
View this post on Instagram
صبا حمید نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں اربوں روپے کے بجٹ سے ڈرامے اور فلمیں بنتی ہیں اور وہ سب تو اچھی نہیں ہوتیں، بہت محنت کے بعد بھی کوئی پراجیکٹ ناکام ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو تباہی کی عینک سے نہیں دیکھنا چاہیے، پی ٹی وی کے زمانے میں بھی لکھاری، ہدایت کار اور اسکرپٹ ڈپارٹمنٹ ہوتا تھا، ہر کوئی اپنی جگہ یہی کوشش کرتا تھا کہ ڈراما اچھا بن جائے اب ذرا نظام میں تبدیلی آئی ہے۔
صبا حمید نے کہا کہ اب ڈپارٹمنٹ بڑے ہوگئے ہیں اور تو کوئی خاص فرق نہیں پڑا، عوام کے مزاج کے مطابق ڈرامے بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لہذا اسے تباہی نہ کہا جائے۔