عارف حسن نے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا
ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ پاکستانی اداکار کے نام
فلم ’زندگی تماشا‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پاکستانی اداکار عارف حسن نے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
معروف پاکستانی ہدایت کارسرمد کھوسٹ کی یہ فلم پاکستان میں تو بڑے پردے پر کامیابی حاصل نہیں کرسکی البتہ بین الااقوامی سطح پر کامیاب رہی۔
پاکستان کے مشہور مصنف محمد حنیف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤٹ پر بہت محتاط انداز میں زندگی تماشا کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔
محمد حنیف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ زندگی تماشا کو بنانے والوں کو مبارک ہو، وہ ٹیم کو اپنی پوسٹ میں ٹیگ نہیں کر رہے کیوں کہ وہ فلم بین کیے جانے کے سبب ابھی تک خوفزدہ ہیں۔
مصنف نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ زندگی تماشا کا مقابلہ چین، ایران، اور جاپان جیسے مضبوط ترین فلم انڈسٹری رکھنے والے ممالک سے ہوا اور فلم نے مقابلے میں دو ایسی فلموں کو ہرایا ہے جو کہ آسکر اکیڈمی ایوارڈ کے لیے فہرست میں شامل کی گئی تھیں۔
سرمد کھوسٹ نے اپنی بہن کنول سرمد کے ساتھ مل کر اس فلم کوبنایا تھا جبکہ فلم کی کہانی نیشنل کالج آف آرٹس سے گریجویشن مکمل کرنے والی طالبہ نرمل بانو کی لکھی ہوئی ہے۔