سکینہ سموں کا علی ظفر اور ریشم کو صدارتی اعزاز ملنے پر اظہار افسوس
کراچی (26 مارچ2021ء) پاکستان کی سینئر اداکارہ سکینہ سموں نے گلوکار علی ظفر اور اداکارہ ریشم کو صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی ملنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سکینہ سموں نے ایک نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حال ہی میں دیے جانے والے صدارتی ایوارڈز پر اظہارِ خیال کیا۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ مجھے صدارتی اعزاز حاصل کرنے کے مقام تک پہنچنے کے لیے 40 سال لگے جبکہ مجھے یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ حکومت پاکستان نے علی ظفر اور ریشم جیسے فنکاروں کو اتنے بڑے صدارتی اعزاز سے نوازا۔
سکینہ سموں نے کہا کہ میری نظر میں علی ظفر اور ریشم صدارتی اعزاز حاصل کرنے کے حقدار نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی کا انتخاب آج کل اس قدر آسان ہوگیا ہے کہ اس کے نتیجے میں کئی ایسی شخصیات کو نظر انداز کیا جارہا ہے جو اپنی تمام زندگی شوبز میں وقف کرچکی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یوم پاکستان 23 مارچ کے روز حکومت پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو سول اور صدارتی ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔