آسکرز 2017: 150 سے زائد فنکاروں کا گروپ فوٹو
آسکر ایوارڈز 2017 کا میلہ سجنے میں 3 ہفتے باقی رہ گئے ہیں اور ہر بار کی طرح اس بار بھی بہت سے ریکارڈ ٹوٹنے اور بننے کے قریب ہیں۔
رواں سال 89 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیے جانے والے تمام فنکار ایک گروپ فوٹو کے لیے اکٹھے ہوئے۔ اس گروپ فوٹو کے لیے تمام افراد کو درست طریقے سے بٹھانا یا کھڑا کرنا یقیناً ایک نہایت مشکل عمل ہوگا۔
یہ دراصل ایک رسمی گروپ فوٹو ہوتا ہے جو ہر سال ایوارڈز کی تقریب سے پہلے کھینچا جاتا ہے اور اس میں آسکر کے لیے نامزد ہونے والے تمام اداکار، اداکارائیں، ہدایتکار، گلوکار اور دیگر فنکار شامل ہوتے ہیں۔
گروپ فوٹو کھینچنے کے لیے ماہر اور پیشہ وارانہ فوٹوگرافرز نے کسی کو کھڑا کر کے، اور کسی کو بٹھا کر ہر بار کی طرح نہایت شاندار تصویر کھینچی۔
آسکرز ایوارڈز کا ذکر ہوا تو آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سال کی سر فہرست فلم ’لا لا لینڈ‘ ہے جسے بہترین ہدایت کار، اداکار و اداکارہ سمیت 14 زمروں میں نامزد کیا گیا ہے۔
معروف ہالی ووڈ اداکارہ میرل اسٹریپ نے20 ویں بار نامزدہو کر سب سے زیادہ بار نامزد ہونے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ اس سے قبل سب سے زیادہ نامزدگیوں کا ریکارڈ اداکار جیک نکولسن اور کیتھرین ہپ برن کے پاس تھا جنہیں 12، 122 دفعہ نامزد کیا گیا۔
اور ہاں، نامزدگیوں کی طویل فہرست میں اس بار بھی ایک پاکستانی شامل ہے۔ لائیو ایکشن شارٹ فلم کے زمرے میں نامزد کی جانے والی فلم La Femme et le TGV کی تخلیق میں ایکپاکستانی نژاد سینماٹو گرافرنوشین دادا بھائی بھی شامل ہیں۔