امیتابھ بچن نے کورونا ریلیف میں 2 کروڑ روپے عطیہ دے دیا
امیتابھ بچن کو بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران عطیات نہ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور حال ہی میں انہوں نے اپنے ایک بلاگ میں اس بات کا ذکر بھی کیا کہ کس طرح ان کے خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے
اگرچہ پہلے بھی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں اور انہوں نے مقروض کسانوں کا قرض اتارنے سمیت کورونا کی وبا کے دوران ہی طبی رضاکاروں کے لیے حفاظتی لباس کےلیے بھی فنڈز فراہم کیے تھے۔
تاہم اب انہوں نے ملک میں وبا کی دوسری بدترین لہر سے نمٹنے کے لیے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت کو 2 کروڑ کا عطیہ دے دیا۔
اگرچہ امیتابھ بچن نے واضح طور اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ انہوں نے کورونا ریلیف فنڈ میں کتنا عطیہ دیا، تاہم معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے 2 کروڑ روپے کاعطیہ دیا۔
کورونا ویکسین فنڈ کے ورچوئل میلے کا حصہ بھی رہے، جس میں امریکی صدر جوبائیڈن، برطانوی شہزادہ ہیری اور کئی معروف ہولی وڈ شخصیات نے آن لائن خطاب کیا اور لوگوں سے کورونا سے نمٹنے کے لیے غریب ممالک کو ویکسین کی فراہمی کے لیے عطیات دینے کی اپیل کی۔
عالمی فلاحی تنظیم کے تعاون سے ہونے والے مذکورہ پروگرام میں 30 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈلر کے عطیات جمع کیے گئے اور اس پروگرام کی تقریب میں شریک ہونے والے تمام افراد نے ویکسین لگوا رکھی تھی۔
پروگرام کو یکم مئی کو ریکارڈ کیا گیا تھا اور اسے 10 مئی کو امریکا کے مختلف چینلز پر نشر کیا گیا اور امیتابھ بچن نے بھی اسی پروگرام میں اپنی اور شہزادہ ہیری کی تقریر کی ویڈیو ٹوئٹ کی۔
یہ بھی پڑھیں:ہم پاکستان کو فلاحی اور جمہوری ریاست بنائیں گے
امیتابھ بچن کے علاوہ معروف گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی کورونا ریلیف فنڈ میں 7 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے۔
لتا منگیشکر نے ریاست مہاراشٹر کی حکومت کو کورونا سے تحفظ کے انتظامات کے لیے 7 لاکھ روپے کے عطیات دیے۔
علاوہ ازیں اداکار ریتیک روشن نے بھی 15 ہزار امریکی ڈالر یعنی بھارتی 12 لاکھ روپے تک کی رقم عطیہ کردی۔
اداکارہ لارا دتا اور شیمال ولابھجی کی جانب سے شروع کی گئی (آئی بریتھ انڈیا) مہم میں بھی متعدد شوبز شخصیات نے فنڈز جمع کروادیے اور مذکورہ مہم کے ذریعے اب تک ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جمع کرلیے گئے۔
متعدد شوبز شخصیات الگ الگ اور انفرادی طور پر کورونا کی جنگ سے نمٹنے کے لیے حکومت اور فلاحی اداروں کو عطیات فراہم کر رہے ہیں، گزشتہ ہفتے سلمان خان نے بھی فلم انڈسٹری کے 25 ہزار مزدوروں کو نقد رقم دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔