آئندہ سماعت پر عدالت میں حاضر نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا جائے گا
گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران اداکارہ کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ ان کی موکلہ اس وقت ملک سے باہر ہیں جس کی وجہ سے وہ غیر حاضر ہیں
ممبئی کی اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے اداکارہ کنگنا رناوت کو عدالت میں پیش ہونے کی آخری مہلت دی ہے
اداکارہ کنگنا رناوت کے وکیل نے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی۔
جاوید اختر کے وکیل نے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ کنگنا ایک بھی تاریخ پر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں لہذا ان کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ شگفتہ علی گزشتہ 30 برسوں سے بھارتی شوبز انڈسٹری سے وابستہ
کورونا کی موجودہ صورتحال کے سبب مجسٹریٹ آر آر خان نے کنگنا کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی ہے اور کہا کہ اگر اداکارہ اگلی سماعت پر پیش نا ہوئیں تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جائیں گے۔
گزشتہ سال جاوید اختر نے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی موت پر کنگنا نے میرے خلاف میڈیا کو بیانات دیے جس سے میری ساکھ کو نقصان پہنچا۔