ماہرہ خان کی فلم ’پرنس چارمنگ‘ پر غیر ملکی فلم کی کاپی کا الزام
مختصر فلم ’پرنس چارمنگ‘ کا ٹیزر ٹریلر سامنے آتے ہی دعویٰ کیا جا رہے ہے کہ اسے غیر ملکی فلم سے چرایا گیا ہے۔
’پرنس چارمنگ‘ میں ماہرہ خان اور زاہد احمد نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں اور فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو عام آدمی ہونے کے باوجود بادشاہ بننے کے خواب دیکھتا ہے۔
فلم میں جہاں زاہد احمد اور ماہرہ خان رومانس کرتے دکھائی دیں گے، وہیں اس فلم کے ذریعے شہریار منور ہدایت کاری کی دنیا میں بھی قدم رکھیں گے۔
’پرنس چارمنگ‘ کے ٹیزر کو دو دن قبل ہی جاری کیا گیا تھا، جنہیں دیکھنے کے بعد شائقین نے اس کی موسیقی اور عکس بندی کے انداز کوہانگ کانگ کی فلم کی کاپی قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ کے مطابق نہ صرف ’پرنس چارمنگ‘ کی عکس بندی کا انداز بلکہ اس کی موسیقی کو بھی غیر ملکی فلم سے چرایا گیا۔
شہریار منور کی ہدایت کردہ فلم پر الزام لگایا گیا کہ اس کے مناظر کے دوران پس پردہ چلنے والی موسیقی کو سال 2000 میں ریلیز ہونے والی ہانگ کانگ کی فلم ’ان دی موڈ فار لو‘ سے چرایا گیا۔
View this post on Instagram
ساتھ ہی ماہرہ خان اور زاہد احمد کی فلم پر الزام لگایا گیا کہ اس کی عکس بندی کے انداز اور پوسٹرز کے بھی مذکورہ ہانگ کانگ کی فلم کی طرز پر بنایا گیا ہے۔
اگرچہ ’پرنس چارمنگ‘ اور ’ان دی موڈ فار لو‘ کے ٹریلرز کو دیکھ کر دونوں کی موسیقی کا موازنہ کیا جائے تو دونوں میں قدرے مشترکہ میوزک سنائی دے گی جب کہ بعض مقامات پر دونوں موویز کی عکس بندی کا انداز بھی ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے۔
View this post on Instagram
شہریار منور کی ہدایت کردہ مختصر فلم کی موسیقی اور عکس بندی کے انداز کو کاپی کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے لیکن تاحال اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی جواب نہیں دیا۔
اس سے قبل بھی متعدد پاکستانی فلموں اور گانوں پر غیر ملکی فلموں اور گانوں کی موسیقی اور انداز کو کاپی کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔