انجلینا جولی نے 4 دن میں 80لاکھ سے زیادہ فالوورز حاصل کرلیے
ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے
46 سالہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے 20 جولائی کو جمعے کے روز فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام کو جوائن کیا اور انہوں نے دیکھتے ہی دیکھتے 4 دن کے اندر 80 لاکھ سے زیادہ فالوورز حاصل کرلیے ہیں۔
اداکارہ نے ابتدائی 3 گھنٹوں میں 21 لاکھ نئے فالورز حاصل کیے اور برطانوی اداکار روپرٹ گرنٹ اور برطانوی براڈ کاسٹر سر ڈیوڈ اٹنبورو کاریکارڈ توڑدیا.
انجلینا جولی اپنے انسٹاگرام کو افغانستان میں بحران کا سامنا کرنے والے لوگوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
انہوں نے اب تک 2 پوسٹ شئیر کی ہیں جس میں دیگر ممالک کے ساتھ افغانستان پناہ گزینوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کی ہے۔
اداکارہ انجیلنا جولی اقوام متحدہ کمشنر برائے مہاجرین کی نمائندہ خصوصی بھی ہیں۔
انجلینا نے اپنی پہلی پوسٹ میں ایک افغان نوجوان لڑکی کی جانب سے موصول ہونے والا خط شیئر کیا۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس وقت افغانستان کے لوگ سوشل میڈیا پر بات چیت کرنے اور آزادانہ طور پر اظہار خیال کرنے کی صلاحیت کھو رہے ہیں۔ لہذا میں انسٹاگرام پر ان کی کہانیاں اور دنیا بھر میں ان لوگوں کی آوازیں شیئر کروں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خوف اور غیر یقینی صورتحال سے افغانوں کو ایک بار پھر بے گھر ہوتے دیکھنا پریشان کن ہے۔
ہالی وڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ اتنا وقت اور پیسہ خرچ کرنے خون بہانے اور جانیں ضائع کرنے کے بعد صرف یہ حاصل ہونا مکمل ناکامی ہے۔ یہ سب سمجھ سے بالاتر ہے۔