انٹرٹینمنٹ

سدھارتھ شکلا کی موت کی کوریج کرنے والے میڈیا پر گوہر خان برس پڑیں

میڈیا پر لوگوں کو سوگوار خاندان کے حوالے سے بات کرتا دیکھ کر مجھے بہت دکھ ہوا۔

بھارت کی معروف اداکارہ گوہر خان آنجہانی ساتھی اداکار سدھارتھ شکلا کے اہل خانہ سے ملنے کے بعد انٹرویو دینے والوں پر برس پڑیں۔

انہوں نے سدھارتھ شکلا کی فیملی سے ملاقات کے بعد میڈیا پر بولنے والوں پر ’خبری‘ بننے کا طنز کَس دیا۔

گوہر خان نے آنجہانی اداکار کی فیملی سے ملاقات کے بعد میڈیا کو خبریں دینے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ سدھارتھ شکلا کی فیملی کو عزت دینے گئے ہیں تو باہر آکر خبری نہ بنیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ گوہر خان کی بگ باس 13 کے دنوں میں سدھارتھ شکلا کے ساتھ مضبوط دوستانہ تعلقات تھے۔

آنجہانی اداکار کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد گوہر خان، اُن کے گھر پہنچنے والے اولین افراد میں شامل ہیں۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اُن لوگوں پر طنز کیا جو سوگوار خاندان سے ملاقات کے بعد انٹرویو دیتے دکھائی دیے، ساتھ ہی خبری نہ بننے کی تاکید بھی کردی۔

گوہر خان نے کہا کہ کوئی فرد جو غمزدہ خاندان سے ملا ہے، اسے میڈیا کو تفصیل نہیں بتانی چاہیے، میڈیا پر لوگوں کو سوگوار خاندان کے حوالے سے بات کرتا دیکھ کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ برائے مہربانی رک جاؤ، اگر آپ اُن کا دکھ بانٹنے گئے تھے تو باہر آکر میڈیا کے خبری نہ بنیں۔

بھارتی اداکارہ نے ساتھ ہی سدھارتھ شکلا کی موت کی کوریج کرنے والے بھارتی میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے عمل کو شرمناک قرار دیا۔

گوہر خان نے اس حوالے سے اپنے انسٹاگرام سے بھی ایک نوٹ شیئر کیا، جس میں لکھا کہ ’یہ شرمناک ہے، میڈیا ہاؤسز کو اس طرز کی کوریج پر شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنا سر شرم سے جھکاؤ، کیا کسی کے عزیز کی موت پر ایسا کرتے ہیں! بہت ہی شرمناک ہے، تمام میڈیا ہاؤسز ٹریجڈی کو بھی سنسنی بناکر پیش کررہے ہیں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close