عائشہ عمر پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گی
سیریل کلر کی زندگی پر بننے والی فلم میں عائشہ عمر کے کردار کی جھلک جاری
لاہور میں کم از کم 100 بچوں کو ’ریپ‘ کے بعد قتل کرنے والے سیریل کلر کی زندگی پر بننے والی فلم میں عائشہ عمر کے پولیس افسر کے کردار کی جھلک جاری کردی گئی۔
‘جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر’ نامی فلم میں اداکارہ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے کردار کی جھلک کو شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی پولیس سیکیورٹی اداروں کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔
اداکارہ نے پولیس یونیفارم میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ روپ ان کی فلم کا ہے۔
View this post on Instagram
عائشہ عمر فلم میں ’زہرہ نگار‘ نامی پولیس افسر کا کردار ادا کریں گی جب کہ یاسر حسین فلم میں سیریل کلر ’جاوید اقبال‘ بنیں گے۔
یاسر حسین کے کردار کی پہلی جھلک گزشتہ ماہ اگست کے آخر میں جاری کی گئی تھی۔
‘جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر’ کی کہانی ابو علیحدہ نے لکھی ہے اور وہی اس کی ہدایات بھی دے رہے ہیں۔
جاوید کاکیپوٹو کی پروڈیوس کردہ فلم کو ’اردو فلکس‘ پر ریلیز کیا جائے گا۔
دوران قید 1999 میں جاوید اقبال نے پولیس کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے 100 بچوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا جن کی عمریں 6 سے 16 سال کے درمیان تھیں۔
خط میں انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ان بچوں کو گلا گھونٹ کر مارا اور ان کے جسم کے کئی ٹکڑے کیے۔
بعد ازاں جاوید اقبال مغل نے اکتوبر 2001 میں لاہور کی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔