صرف وہ کام کرتی ہوں جس سے خود خوش رہوں، سوناکشی سنہا
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ ہر کسی کو خوش رکھنا ممکن نہیں ہے اس لئے صرف وہ کرتی ہوں جس سے خود خوش رہوں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ وہ چیزوں کو اپنی شرائط پر کرنے پر یقین رکھتی ہیں اور انہوں نے یہ محسوس کیا ہے کہ اپنے کام سے ہر کسی کو خوش رکھنا ممکن نہیں۔ بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مجھے پسند کرتا ہے تو بہت اچھا ہے اور اگر نہیں کرتا تو اچھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں اپنی شرائط پر کام کرتی ہوں اور کسی بھی جانب سے دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتی۔
بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل ستائش ہے کہ لوگ آپ کی صلاحیتوں کا اعتراف کریں اور توقع کریں کہ آپ فلاں کام کر سکتے ہیں لیکن ہر چیز اپنے ٹائم پر ہوتی ہے، شائقین کے کہنے پر نہیں، جب میں کوئی کام کرنا چاہتی ہوں تو اس کے تیار ہو جاتی ہوں۔
سوناکشی نے کہا کہ دیگر افراد کی طرح ان پر بھی ایسا وقت آیا جب میں نے دوسروں کو خوش کرنے کے لئے اپنی خوشیوں کو نظر انداز کر دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں جیسی ہوں ہمیشہ ویسا ہی دکھنے کی کوشش کرتی ہوں کیونکہ یہی وہ چیز ہے جسے میں جانتی ہوں، میں نے زندگی میں بہت پہلے یہ سیکھ لیا تھا کہ آپ ہر کسی کو خوش نہیں کر سکتے اس لئے ایسا کرنے کی کوشش بھی مت کریں، میں جو کرتی ہوں اس سے خوش رہتی ہوں جو دوسروں کو بھی خوش رکھنے کا باعث بنتا ہے۔
زندگی میں اتار چڑھاؤ کے حوالے سے سوناکشی کا کہنا تھا کہ میں نے والد کی کامیابیاں اور مشکل لمحات کو دیکھا ہے اور وہ ان تمام چیزوں کا بڑے تحمل سے سامنا کرتے تھے، یہی وجہ ہے کہ والد کو دیکھ کر میں بھی ہر قسم کے حالات کا بہت اچھی طرح سے سامنا کر لیتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو فلم کی کامیابی پر اپنے گھر کی بالکونی میں کھڑے ہو کر شور کرتی ہوں اور نہ ہی فلم کی ناکامی پر ایک کونے میں بیٹھ کر اداس ہوتی ہوں۔ اگر فلم میں کوئی چیز منصوبے کے مطابق نہیں ہوتی تو میں اس کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیک دیتی بلکہ دوسری فلم میں اس چیز کو بہتر کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔