اداکارہ بننے کے لیے میں گھر سے بھاگ جاؤں گی
مردوں کو کبھی مجھ سے کوئی مسئلہ نہیں ہوا ، مجھے زیادہ تر خواتین نے ہراساں کیا
بالی ووڈ اداکارہ ملیکا شراوت نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مردوں نے نہیں بلکہ خواتین نے ہراساں اور پریشان کیا۔
بھارتی میڈیا سے انٹرویو میں اپنے فلمی کیرئیر میں آنے والی مشکلات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کے گھر والے ان کے فلموں میں کام کرنے سے خوش نہیں تھے۔
ملیکا شراوت کا کہنا تھا کہ میرے والد، والدہ اور بھائی میرے انڈسٹری میں کام کرنے کے خلاف تھے۔ مجھے اپنے خاندان والوں کی طرف سے بہت زیادہ مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ میں بہت بھولی تھی میں نے ان سے کہا تھا کہ اداکارہ بننے کے لیے میں گھر سے بھاگ جاؤں گی اور پھر میں نے ایسا ہی کیا۔
ملیکا شراوت کا کہنا تھا کہ ان کے کام اور شخصیت پر بہت زیادہ تنقید کی گئی۔ میڈیا کے ایک مخصوص طبقے نے انہیں نشانہ بنایا، خاص طور پر خواتین نے کیونکہ مردوں کو کبھی ان سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ ملیکا شراوت نے کہا میڈیا کے ایک خاص حصے نے مجھے پریشان کیا اور ہراساں کیا جن میں سے زیادہ تر خواتین تھیں، جب کہ مردوں کو کبھی مجھ سے کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔
ملیکا شراوت نے مزید کہا مردوں نے ہمیشہ مجھے سراہا لیکن میں کبھی سمجھ نہیں سکی کہ کیوں یہ خواتین میرے خلاف ہیں۔ اور خواتین کے اسی رویے نے مجھے کچھ وقت کے لیے ملک چھوڑنے پر مجبور کردیا کیونکہ میں بریک لینا چاہتی تھی۔
اداکارہ ملیکا شراوت نے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ممبئی میں رہنے اور مالی مشکلات کے بارے میں بتایا کہ ان کے پاس ہمیشہ پیسے ہوتے تھے کیونکہ ان کے پاس کافی زیورات تھے جنہیں بیچ کر وہ ممبئی میں رہنے کا خرچہ برداشت کررہی تھیں لیکن یہ چیز ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھی۔