متعدد بار شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کترینہ نے چپ توڑ دی
ممبئی: بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ اداکارہ ہونے کی وجہ سے متعدد بار شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہر بار اس تنقید کو بہترین انداز میں سنبھالا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ تنقید کسی بھی قسم کی ہو اس سے بہت دل دکھتا ہے، بطوراداکارہ بہت تنقید کا نہ صرف سامنا کیا بلکہ اس تنقید کو بہت اچھے انداز میں سنبھالا اور اپنے اوپر کی جانے والی تنقید پر زیادہ دیہان نہیں دیا۔ سوشل میڈیا کا حصہ بننے پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم پر لوگ ہر طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہیں، عوام کی رائے مثبت ہو یا منفی ہمیں بطور فنکار ہر طرح کے خیالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔ اداکارہ نے کہا انہیں لگتا ہے کہ سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ ٹوئٹر پر بنایا جاتا ہے اور ان کا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔ کترینہ کیف نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پرہروقت بات چیت کرنے سے بھی وہ مزہ نہیں رہتا جو کبھی کبھی کرنے سے ہوتا ہے، اسی لیے میں اس چیز کا بہت خیال رکھتی ہوں، شوٹنگ کے دوران سوشل میڈیا پر توجہ نہیں دیتی ہوں اور جب اپنے مداحوں کے ساتھ بات کرتی ہوں تو بس انہیں ہی وقت دیتی ہوں۔