عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
بھوپال: بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر بھوپال کی ایک عدالت نے 32 لاکھ 25 ہزار روپے کے چیک باؤنس ہونے کے کیس میں پیر کے روز اداکارہ امیشا پٹیل کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں اور اداکارہ کو 4 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر اداکارہ 4 دسمبر کو ضلعی عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے میں ناکام ہوتی ہیں تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاسکتے ہیں۔
یہ مقدمہ یو ٹی ایف ٹیلی فلمز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے اداکارہ کے خلاف دائر کیا گیا ہے۔ جس میں ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ امیشا پٹیل نے فلم بنانے کے لیے ان سے رقم ادھار لی اور جب انہوں نے اس رقم کے بدلے کمپنی کو دو چیک فراہم کیے تو وہ دونوں چیک باؤنس ہوگئے۔
واضح رہے کہ اداکارہ امیشا پٹیل ہریتھک روشن کے ساتھ فلم ’’کہونا پیار ہے‘‘ اور سنی دیول کے ساتھ فلم ’’غدر‘‘ سمیت کئی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔