انٹرٹینمنٹ

کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سینسر کرنے کا مطالبہ

 مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والی کنگنا رناوت سے خود ان کے ملک کی عوام بھی بیزار

بھارت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سینسر کرنے کا مطالبہ کرنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

اپنی زبان سے اکثر مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والی کنگنا رناوت سے خود ان کے ملک کے عوام بھی بیزار ہیں۔ حال ہی میں اداکارہ نے اپنے ملک میں رہنے والی سکھ برادری کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف کئی شکایتیں درج کی جاچکی ہیں۔

اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ تو متنازع ٹوئٹس کرنے کی وجہ سے پہلے ہی بند ہے اب ان کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی سینسر کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ حال ہی میں اداکارہ کنگنا رناوت کی زہر میں بجھی سوشل میڈیا پوسٹس کو سینسر کرنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ہم آہنگی بنائے رکھنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پوسٹس کو سینسر کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کی ایک نیوز ایجنسی نے کنگنا رناوت کے خلاف دائر کی جانے والی اس درخواست کی تصدیق کی ہے۔

تاہم ایسا لگتا ہے کنگنا رناوت کو اس سب سے کوئی فرق نہیں پڑتا اس لیے تو انہوں نے اس درخواست پر طنز کرتے ہوئے خود کو بھارت کی طاقتور خاتون قرار دیا ہے۔

چند روز قبل کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سکھ برادری کے لیے توہین آمیز زبان استعمال کرتے ہوئے کسانوں کے احتجاج کو ’’خالصتانی تحریک‘‘ اور سکھ برادری کو ’’خالصتانی دہشت گرد‘‘ کہا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close