فواد خان اور صنم سعید تقریباً 9 سال بعد بھارتی ویب سیریز میں اسکرین پر دوبارہ
ممبئی: تقریباً 9 برس قبل 2012 میں نشر ہونے والےڈرامے ’’زندگی گلزار ہے‘‘ میں فواد خان اور صنم سعید کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا
تقریباً 9 برس قبل 2012 میں نشر ہونے والےڈرامے ’’زندگی گلزار ہے‘‘ میں فواد خان اور صنم سعید کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا۔ یہ ڈراما 2014 میں بھارتی چینل زی زندگی پر بھی دکھایا گیا تھا اور اسی وقت سے فواد خان اور صنم سعید بھارتی شائقین کے دلوں پر راج کررہے ہیں۔
بھارت میں بے تحاشہ مقبولیت کے بعد صنم سعید اور فواد خان اب ایک بار پھر بھارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی 5 کے لیے تیار ہونے والی ویب سیریز میں نظر آئیں گے۔
یہ اعلان زندگی چینل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فواد خان اور صنم سعید کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑ ھیں : فواد خان بالی وڈ خانز سے بڑے اداکار ہیں، بھارتی فلم رائٹر
حالانکہ اس ویب سیریز کا ابھی تک نام منظرعام پر نہیں آیا ہے لیکن اس کی ہدایت کاری عاصم عباسی دیں گے جنہوں نے اس سے قبل ویب سیریز’’چڑیلز‘‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔
ویب سیریز کی شوٹنگ پاکستانی علاقے وادی ہنزہ میں شروع ہوچکی ہے۔ ویب سیریز میں فواد خان ایک ایسے والد کا کردار ادا کررہے ہیں جو اپنے بچے کو اکیلے ہی پالتا ہے اور اپنے پاس موجود چیز کو کھونے کے احساس جرم میں جیتا ہے۔
فواد خان کے ہمراہ اداکارہ صنم سعید مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
اداکار فواد خان نے ویب سیریز کی کہانی پر بات کرتے ہوئے زندگی نیٹ ورک کی جانب سے لیے گئے بولڈ اور جرات مندانہ فیصلے کی تعریف کی۔