پاریش راول بھی پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کے خواہشمند
ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹارز دلیپ کمار، کرینہ کپور اور ودیا بالن تو پاکستانی ڈراموں کے مداح ہیں ہی لیکن اب بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار پاریش راول نے پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی ڈراموں کو بیکار قرار دے دیا ہے۔ فلم ہیرا پھیری، آنکھیں اور انداز اپنا اپنا میں بہترین اداکاری کرنے والے اداکار پاریش راول کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو ہر کردار سے بھرپور انصاف کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی ڈراموں کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پاکستانی فلموں، ڈراموں اور شوز میں کام کرنے کا بہت شوق ہے۔
انہوں نے پاکستان کے شہرہ آفاق ڈرامے ’’ہم سفر‘‘ کو اپنا پسندیدہ ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنفوں کے کہانی لکھنے کا انداز بہت منفرد ہے اوران میں کام کرنے والے فنکاروں کی اداکاری بھی کمال ہوتی ہے، انہوں نے بھارتی ڈراموں کے بارے میں اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ’’ یہاں کے ڈرامے بیکار اور بورنگ ہوتے ہیں‘‘۔
پاریش راول ماضی میں متعدد بار پاکستان مخالف بیان دے چکے ہیں تاہم اب پاک بھارت کشید گی پر اپنی رائے تبدیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آرٹسٹ اور کھلاڑی یہاں دہشتگردی یا دھماکے کرنے نہیں آتے بلکہ یہ دونوں ملکوں کو جوڑے رکھنے کیلئے پل کا کردار ادا کرکے فاصلے کم کرتے ہیں، ہم پاکستانی عوام کے نہیں بلکہ دہشتگردی کے خلاف ہیں۔
بالی ووڈ اداکار نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر لگنے والی پابندی کے حوالے سے کہا کہ وہ اس پابندی کے خلاف ہیں، فنکاروں پرپابندی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے بالی ووڈ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں پاکستانی اداکارہ صبا قمرنے کام کیا ہے، فی الحال دونوں ممالک میں تناؤ کم ہونے کی وجہ سے نہ صبا قمر کو تنقید کا نشنہ بنایا گیا اور نہ ہی دھمکیاں دی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں مقبوضہ کشمیر میں اڑی کیمپ پر ہونے والے حملے کے بعد پاک بھارت صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی اور ہندو انتہا پسند تنظیموں نے پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے پر مجبور کر دیا تھا۔