شلپا شیٹی فحاشی پھیلانے کے کیس سے بری
شلپا شیٹی کو ممبئی کی ایک عدالت نے فحاشی اور بے حیائی پھیلانے کے مقدمے سے بری کردیا۔
میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کیتکی چوان کے مطابق شلپا شیٹی نے واقعے کے فوراً بعد اپنی پوزیشن واضح کردی تھی، پولیس رپورٹ اور پیش کردہ دستاویزات پر غور کرنے کے بعد مجسٹریٹ مطمئن ہو گئے کہ شلپا کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں اور اس لیے انہیں جرائم سے بری کر دیا گیا۔
2007 میں شلپا شیٹی ایک تنازع کا شکار ہوئی تھیں جس پر انہیں فحاشی اور بے حیائی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واقعہ کچھ یوں تھا کہ 2007 میں راجستھان میں ایک پروموشنل تقریب کے دوران ہالی ووڈ اداکار رچرڈ گیئر نے اداکارہ کا اسٹیج پر بوسہ لیا تھا ۔
ہالی ووڈ اسٹار اور ایڈز سے متعلق آگاہی مہم چلانے والی شلپا کے خلاف 2007 میں تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔
اداکاروں کے خلاف فحاشی کے الزام میں تین مقدمات درج کیے گئے جن میں دو راجستھان اور ایک غازی آباد میں تھا۔
سپریم کورٹ نے کیس کو ممبئی منتقل کرنے کی 2017 میں اجازت دی تھی۔
بالی ووڈ کی سپر اسٹار شلپا شیٹی یوں تو اپنی فلموں میں اداکاری کو لے کر کافی سرخیوں میں بنی رہیں لیکن ایک دور ایسا بھی آیا جب ایک واقعے نے شلپا کو بہت مشکل میں ڈال دیا تھا۔
جب رچرڈ نے اسٹیج پر شلپا شیٹی کے رخسار کے سرعام بوسے لئے تھے تو رچرڈ اور شلپا خوب خبروں کی زینت بنے تھے، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔
بعد ازاں دونوں کو کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد رچرڈ نے اس پر معافی بھی مانگی تھی۔
اس دوران یہ معاملہ اتنا سنگین ہوگیا تھا کہ راجستھان کی ایک مقامی عدالت نے شلپا شیٹی اور رچرڈ کے خلاف گرفتاری کا حکم بھی دے دیا تھا۔