انٹرٹینمنٹ
شویتا تیواری اپنے حالیہ بیان کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئیں
بھارتی اداکارہ شویتا تیواری نے ہندو مذہب سے متعلق غیر اخلاقی ریمارکس دے دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شویتا تیواری بھوپال میں اپنے ویب شو ‘شو اسٹوپر’ کی پروموشن کے لیے پریس کانفرنس کر رہی تھیں، تو اس دوران انہوں نے زیر جامہ کو لے کر ہندو مذہب سے متعلق غیر اخلاقی ریمارکس دے دیے۔
شویتا کے ان ریمارکس کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ناروتم مشرا نے پولیس کو اداکارہ کے ریمارکس سے متعلق تحقیقات کرنے اور اس کی رپورٹ 24 گھنٹوں میں جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
میڈیا نے جب ناروتم مشرا سے اس معاملے سے متعلق بات کی تو انہوں نے جواب دیا کہ میں نے شویتا تیواری کا بیان سنا ہے اور اس کی میں پرزور مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے پولیس کمشنر بھوپال سے ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں اور 24 گھنٹوں میں اس کی رپورٹ پیش کریں، تاکہ ہم دیکھیں کہ اس معاملے میں کیا کارروائی کی جاسکتی ہے۔