سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ پاکستان میں ریلیز ہوگی یا نہیں؟
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی تاہم دبنگ خان کی یہ فلم پاکستانی سنیماؤں کی زینت بنے گی یا نہیں اس حوالے سے فی الحال کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان فلمز کے سی ای او امر بھوٹالا نے بتایا کہ بلاشبہ ٹیوب لائٹ پاکستان میں بھی ریلیز کی جائے گی تاہم ریلیز کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹیوب لائٹ کی پاکستان میں ریلیز کے حوالے سے پرامید ہیں اور اس سلسلے میں کوششیں بھی کررہے ہیں تاہم ساتھ ہی ہم پاکستان کے قوانین اور عدلیہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کا بھی احترام کرتے ہیں۔
یہ خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں کہ عید کے موقع پر چونکہ پاکستان کی اپنی دو فلمیں ریلیز ہورہی ہیں لہٰذا ڈسٹری بیوٹرز اس موقع پر بھارتی فلم خاص طور پر جس میں سلمان خان موجود ہوں، اسے نمائش کے لیے پیش کرکے دیگر فلموں کا بزنس خراب نہیں کرنا چاہتے۔ ایک مقامی ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ممکن ہے کہ عید کے تقریباً دو ہفتوں بعد سلمان خان کی فلم پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جائے۔
عید کے موقع پر پاکستانی سنیما گھروں میں دو پاکستانی فلموں کے علاوہ ’’پائرٹس آف کیریبیئن، ٹرانسفارمرز اور دی ممی‘‘ بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ٹیوب لائٹ کی پاکستان میں نمائش سے قبل اسے سنسر بورڈ کی جانب سے کلیئرنس بھی درکار ہوگی کیوں کہ فلم 1962 میں بھارت چین جنگ کے موضوع پر بنائی گئی ہے جبکہ چین پاکستان کا قریبی دوست ملک ہے۔ اس سے قبل سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان نے بھی پاکستان میں خوب بزنس کیا تھا اور پاکستان میں سلمان خان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔