انٹرٹینمنٹ

اداکارہ میرا عتیق الرحمان سے نکاح نامہ جعلی قرار دینے میں ناکام رہیں

لاہور: عدالت نے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کا دعویٰ خارج کرنے کے خلاف اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج مظہرعباس نے16صفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اداکارہ میرامخالف فریق عتیق الرحمان سے نکاح نامہ جھوٹا، جعلی قرار دینے میں ناکام رہی ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اداکارہ میرا فیملی عدالت میں تکذیب نکاح کا دعویٰ بھی ثابت نہیں کر سکیں۔

فیصلے کے مطابق میرا اور عتیق الرحمان میں جھگڑے اس انتہا تک پہنچ گئے کہ میرا نے بطور بیوی عتیق الرحمان کیساتھ رہنے سے انکار کر دیا۔

میرانے شوہر عتیق الرحمان کےساتھ نہ رہنے کیلئے فوجداری، دیوانی مقدمات بھی کیے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اداکارہ میرا نے2 ستمبر2007 کو عتیق الرحمان سے نکاح کیا تھا۔

میرا نے ایسا گواہ پیش نہیں کیا جو نکاح نامے پر دستخط جعلی ہونے کی گواہی دے، اداکارہ میرا نے نکاح نامہ پر دستخطوں کے موازنے کی بھی درخواست دائر نہیں کی، میرا اپنے انگوٹھے کے نشان اور دستخط نہ ہونے پر مطمئن تھیں تو موازنہ کراتیں۔

فیصلے کے مطابق اداکارہ میرا نے فیملی عدالت میں غیرشادی شدہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا، عتیق الرحمن نے اداکارہ کے طبی ٹیسٹ کرانے کیلئے درخواست بھی دائر کی تھی، اداکارہ میرا نے طبی ٹیسٹ کیلئے دائر درخواست کی سختی سےمخالفت کی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اداکارہ کو میڈیکل ٹیسٹ کیلئے دائر درخواست پر رضامندی ظاہر کرنی چاہیے تھی، اداکارہ نےنکاح کی تصاویر سے انکار نہیں کیا، بس اتنا کہا کہ تصاویر ڈرامے کے دوران لی گئیں۔

کہا گیا کہ اداکارہ میرا نے تصاویر کی مخالفت میں کوئی گواہی اورشواہد پیش نہیں کیے، نکاح نامے کو جھوٹا ثابت کرنا اداکارہ میرا کی ذمہ داری تھی، اداکارہ میرا نے اپنی والدہ اور والد کے تحریری بیانات عدالت میں جمع کرائے۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ میرا کے نکاح نامہ پر اسکے والد کے دستخط ہیں، مگر جرح کیلئے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

فیملی عدالت نےعین قانون کےمطابق اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح کا دعوی خارج کیا، اداکارہ میرا کی فیصلے کےخلاف اپیل میرٹ کے برعکس ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ میرا کے تکذیب نکاح کا دعوی خارج کرنےکی ڈگری جاری کی جائے،فیصلے کے خلاف اپیل خارج ہونے پر اداکارہ کسی معاوضے کی بھی حقدار نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ میرا نے عتیق الرحمان پر جعلی نکاح نامہ تیار کرنے کا الزام لگایا تھا اور عتیق الرحمان کیساتھ نکاح نامہ جھوٹا قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

اس سے قبل فیملی کورٹ نے بھی اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا تاہم فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف میرا نے اپیل دائر کر رکھی تھی، گزشتہ دنوں اداکارہ میرا کی اپیل پر ایڈیشنل سیشن جج مظہر عباس نے بھی فیصلہ سناتے ہوئے ان کی تکذیب نکاح کی درخواست مسترد کر دی تھی

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close