کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے میاں چنوں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی تحصیل میاں چنوں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، مستقل جتھوں کے خلاف بھرپور قانونی کی جائےگی، اور اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
کسی فرد/گروہ کیجانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً گوارا نہیں کی جائے گی چنانچہ انبوہی تشدد (Mob lynchings) کو نہایت سختی سےکچلیں گے۔میں نےIG پنجاب سےمیاں چنوں واقعےکےذمہ داروں اور فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنےوالےپولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 13, 2022
میاں چنوں میں توہین مذہب کے الزام میں ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کے واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ تلمبہ منور گجر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں 33 نامزد اور 300 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے، جب کہ مقدمے میں قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پی آر او ٹو ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت مشتاق کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ اس کے قتل میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے ریڈ جاری کردیا ہے۔