بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری
اسلام آباد: ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں۔
: وزیراعظم کی خصوصی دعوت پر بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت بھی کی۔
بل گیٹس نے قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، ایمرجنسی پروگرام کوارڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بل گیٹس کو پولیو پروگرام پر بریفنگ دی۔
محکمہ صحت کے مطابق پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات کی تفصیل بتائی گئی، بل گیٹس نے قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مختلف محکموں میں گئے، بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات کی تعریف بھی کی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کو سراہتے ہیں، حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا کوانسانی بحران کے شکار 40 ملین افغانوں کی مدد کرنی چاہیے، خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع پولیو کے خلاف جنگ میں متحرک ہیں۔
اس کے علاوہ بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عزم متاثر کن ہے، ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے، پاکستان کے انسداد کورونا اقدامات حیران کن ہیں۔