نوابشاہ : عمران خان اگرسمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرسکتے ہیں تو وہ اسمبلیاں توڑیں جیالے انتخابات کیلئے تیار ہیں
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم عمران خان اور ان کے سہولت کاروں کومعاف نہیں کریں گے ، سندھ کے حقوق اس کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کے علاوہ کسی اور نے غصب نہیں کئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو چیلنج کیا ہے کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرسکتے ہیں تو وہ اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں، جیالے انتخابات کیلئے تیار ہیں.
جیالے لانگ مارچ اورعدم اعتماد لاکر تمہیں گھر بھیجیں گے، آج دوسرا دن ہے اور بنی گالہ کی چیخیں نکل رہی ہیں، وزیراعظم گھبرا کر قوم سے خطاب کررہے ہیں، بزدل کہتا ہے جو اس کیخلاف بولے گا، وہ پانچ سال کیلئے جیل جائیگا، ہم عمران خان اور ان کے سہولت کاروں کومعاف نہیں کریں گے، وزیر اعظم عمران خان کی خارجہ پالیسی ناکام ہے، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے عمران خان کو گھر بھیجنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانگ مارچ کے دوسرے روز حیدرآباد، نوابشاہ سمیت مختلف مقامات پر مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، رُکن قومی اسمبلی طارق شاہ جاموٹ، رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان، شرجیل انعام میمن اور عاجز دھامراہ نے بھی خطاب کیا۔
مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے پی پی لانگ مارچ سے گھبرانا شروع کردیا ہے،نیازی جو غریبوں کی رقم لوٹی ہے،وہ پیسےغریبوں کوواپس کردو،مارچ میں لوگ یہ بتانےآئےہیں کہ نیازی سےچھٹکاراحاصل کرناہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر زرداری اور عمران خان کا کوئی موازنہ نہیں۔
عمران خان نے چینی، آٹا چوری کیا، صدر زرداری کے بے شمار کارنامے ہیں جیسا کہ 1973ءکے آئین کی بحالی، آئین میں اٹھارہویں ترمیم، صوبوں کو حقوق دینا، کے پی کو شناخت دینا، ایران پاکستان گیس پائپ لائیں، گوادر پورٹ، بی آئی ایس پی، سی پیک وغیرہ۔ عمران نے عوام کے حقوق غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا ہے اور پاکستان کے عوام سے گیس چھینی اور اشیائے ضروریات چوری کی ہیں اور بی آئی ایس پی کا نام تبدیل کرکے سمجھتا ہے کہ یہ پروگرام اس کا ہے۔
اب اس سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی عمران خان کو گھر جانا ہوگا۔ حیدرآباد میں پرجوش جیالو ں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے اور وہ اس کٹھ پتلی ، سلیکٹڈ اور نااہل عمران خان کو ہٹانے کیلئے وہی حمایت مانگنے آئے ہیں۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ اس کٹھ پتلی نے اپنے چند درباری مسخروں کو سندھ کے حقوق کے نام مارچ کے لئے بھیجا ہے۔ سندھ کے حقوق اس کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کے علاوہ کسی اور نے غصب نہیں کئے ہیں۔
اس سلیکٹڈ عمران خان نے تمام صوبوں کے حقوق غصب کئے۔ پانی، گیس، آئینی حقوق اور صوبوں کے این ایف سی ایوارڈ پر ڈاکہ ڈالا۔ یہ ڈرامہ اب نہیں چلے گا۔ عمران خان بزدل ہے اور تنقید برداشت نہیں کر سکتا۔
ہالا میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اسلام آباد تک طویل سفر ہے مگر کٹھ پتلی وزیر اعظم ہالا کے عوام کا جوش و جذبہ دیکھ کر آج خطاب کرنے پر مجبور ہوا ہے ،اگر وزیر اعظم بہادر ہے تو اس خطاب میں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کرے اور نئے الیکشن کا اعلان کرے مگر یہ نہیں کریگا کیونکہ یہ ڈرپوک وزیر اعظم ہے۔
بلاول بھٹو نے اس موقع پر چینی چور، آٹا چور ، پانی چور، تیل چور،عمران چور عمران چور نعرے بھی لگوائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پیکا آرڈیننس لاکر میڈیا کی آواز دبانا چاہتے ہیں وزیراعظم اتنے بزدل کیوں ہو ،میڈیا سے کیوں ڈرتے ہو ،کیوں تنقید برداشت نہیں کر سکتے؟ انہوں کہا کہ نے عمران خان سے کہا کہ ہم 8 مارچ کو اسلام آباد آ رہے ہیں اس سے قبل استعفے دیدو ورنہ میں جیالوں کو نہیں روک سکتا۔