گھوٹکی: کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کو آپ پر مسلط کیا گیا، کٹھ پتلی نے ہر آدمی کی زندگی مشکل کردی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ تبدیلی کے نام پر تباہی سامنے آئی، یہ نیا نہیں مہنگا پاکستان ہے، ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔
یپلزپارٹی کے عوامی لانگ مارچ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گھوٹکی کے عوام نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، گھوٹکی کے عوام کو کبھی نہیں بھول سکتا، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کو آپ پر مسلط کیا گیا، ملک میں جہاں بھی دیکھیں مایوسی ہی مایوسی ہے، کٹھ پتلی نے ہر آدمی کی زندگی مشکل کردی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر تباہی سامنے آئی، یہ نیا نہیں مہنگا پاکستان ہے، اس تبدیلی کی بدولت معاشی بحران تباہی کی صورت میں سامنے آیا، آج ہاری کو اپنی فصل کی قیمت نہیں مل رہی، جہاں کسان بھوکا سوتا ہے اس ملک کی معیشت کا کیا ہوگا، تبدیلی والے نے تبدیلی کے نام پر معاشی بحران پیدا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی عوام نہیں، امپائر کی انگلی کی طرف دیکھتا ہے، نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لے کر دھکے کھاتے ہیں، ہمیں اس سلیکٹڈ حکومت کو ختم کرنا ہوگا، اپنے حق کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے، بینظیر نے وقت کے آمر ضیا کے خلاف جدوجہد کی، میں نے بینظیر بھٹو کے وعدوں کو پورا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کون ہوتے ہیں جو میڈیا کو کہتے ہیں مجھ پر تنقید نہ کریں، یہ کون ہوتے ہیں جو عوام کی زبان بندی کریں، اس بزدل کو مزید برداشت نہیں کریں گے، کبھی تاریخ میں ایسا دیکھا کہ وزیراعظم ٹی وی پر آکر روئے؟، وزیراعظم کہتا ہے میڈیا مجھ پر تنقید کرتا ہے، میڈیا کا کام ہی تنقید کرنا ہے، ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، ہم اسلام آباد جائیں گے۔