کراچی : وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میرے ہاتھ پر زنجیر بندھی ہوئی تھی، وہ اب کھل جائیگی، چھوڑوں گا نہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علی زیدی اور ٹیم کو سندھ کا دورہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پورے ملک میں سب سے زیادہ تبدیلی سندھ چاہتا ہے۔ سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلی بار اندرون سندھ کے دورے پر آپ کے ساتھ آرہا ہوں۔ سندھ میں سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت ہے۔ 20 روپے پیٹرول اور فضل الرحمان (ڈیزل) کو کم کیا۔ ہماری حکومت نے ریکارڈ ٹیکس کلیکشن کی، قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیٹرول اور فضل الرحمان (ڈیزل) دبئی سے بھی زیادہ سستا ہے، زرداری سے سندھ میں 14 سالہ حکومت کا حساب لینا ہے، ہماری حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس حاصل کیا۔ ہمارے دور میں چار فصلوں کی سب سے زیادہ پیداوار ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسمبلی میں میرے خلاف عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے۔ عدم اعتماد جمع کراکر انہوں نے وہ کام کیا، جو میں دعا کر رہا تھا، ان کی سیاسی موت آئی ہے تو انہوں نے عدم اعتماد جمع کرائی۔ گیدڑ کی موت آتی ہے تو شہروں کا دورہ کرتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا پہلا ٹارگٹ آصف علی زرداری ہے۔ آصف زرداری تمہارا وقت آگیا ہے۔ زرداری کو جب نیب بلاتا ہے تو کمر میں درد ہوجاتا ہے۔ آپ کے چیئرمین کو دنیا کے 5 یا 6 ٹاپ کپتانوں میں مانا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بڑی دیر سے انتظار کررہا تھا، چوروں اور ڈاکوؤں کا۔ میں 25 سال سے ان چوروں کیخلاف سیاست نہیں جہاد کر رہا ہوں۔ اربوں ڈالر چوری کرکے یہ ملک سے باہر لے گئے۔ میں سوچ رہا تھا کہ کسی طرح ان کی گردن میرے ہاتھ میں آجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ساڑھے 3 سال سے ملک کو سنبھال رہا تھا۔ مقصود چپڑاسی والے کو بھی آپ نے دیکھا ہوگا۔ فضل الرحمان کو مولانا کہنا گناہ ہے۔ بوٹ پالش کرنے والا زرداری کے ساتھ مل گیا، بوٹ پالش اور زرداری کے ساتھ ڈیزل مل گیا۔ اب ان تینوں کی شکلیں دیکھیں یہ ملک بچانے نکلے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کپتان نے آگے کی تیاری کی ہوئی ہے۔ ان کے پیچھے جاؤں گا چھوڑوں گا نہیں، میرے ہاتھ پر زنجیر بندھی ہوئی تھی وہ اب کھل جائیگی۔ نیب نے فضل الرحمان کو بلایا تو کہا 2 ہزار لوگ لے کر آؤں گا۔ اگر تم 2 ہزار لوگ لاؤگے تو میں ایک لاکھ لوگ لے آؤں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اپنے بیٹے کو اردو تو سیکھادو۔ یہ ان خداؤں کی پوجا کرتے ہیں جس ملک میں ان کا پیسہ پڑا ہے۔ یہ اپنے مفاد کیلئے ان ممالک کے آگے کبھی کھڑے نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے یورپی یونین کو کچھ نہیں کہا میں نے صرف قربانیاں یاد کرائیں ہیں۔ 10 سالوں میں ملک پر 400 ڈرون حملے ہوئے۔ گرین لائن آچکی ہے کے سی آر بننے والی ہے۔ کراچی میں کسی حکومت نے وہ کام نہیں کیے جو ہم کرنے جارہے ہیں۔