لاہور : جہانگیر ترین گروپ تحریک عدم اعتماد میں وزیر اعظم کوسرپرائز دے سکتا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں جہانگیر ترین اور علیم خان کی اپوزیشن کی اہم ترین شخصیت سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ تحریک عدم اعتماد میں وزیر اعظم کوسرپرائز دے سکتا ہے ، ترین گروپ نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا آپشن کھلا رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اوردیگر جماعتوں سے رابطوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان مفاہمت کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سردار عثمان بزدار کو تبدیل کرنے سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد ترین گروپ سخت فیصلے لینے کو تیار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لندن میں جہانگیر ترین اور علیم خان کی اپوزیشن کی اہم ترین شخصیت سے ملاقات کا امکان ہے، اتحادیوں کے اپوزیشن کے ساتھ سنجیدہ رابطوں کے تناظر میں ترین گروپ تحریک عدم اعتماد میں وزیر اعظم کو ”سرپرائز“ دے سکتا ہے، ترین گروپ پنجاب میں مضبوط انفرادی گروپ کی حیثیت سے مستقبل میں سیاسی کردار ادا کر سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ نیا سیاسی لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے متحرک ہوگیا ہے، وزیراعظم کی جانب سے عثمان بزدار کی تبدیلی سے انکار کے بعد سخت لائحہ عمل پر مشاورت جاری ہے، اور جہانگیر ترین اور علیم خان کی لندن ملاقات میں سخت پالیسی تشکیل دینے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ میں تعاون کے امکانات معدوم ہوچکے ہیں اور فاصلے مزید بڑھنے لگے ہیں، ایک طرف پنجاب حکومت بچانے کیلئے ”مشکوک“ ایم پی ایز کی ”پروفائلنگ“ جاری ہے اور سیاسی ہمدردیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے، اور دوسری طرف ترین گروپ نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا آپشن کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اور کہا ہے کہ مائنس عثمان بزدار سے کم پر حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی، جب کہ مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔