کراچی : شاہ لطیف پولیس نے کارروائی کرکے سنگین جرائم میں ملوث پولیس اہلکار کو گرفتارکرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم حارث سے2غیرقانونی پستول برآمد ہوئے ہیں، دوران تفتیش ملزم حارث کے حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم جرائم کرنے والے ملزمان کو اسلحہ کرائے پر دیتا تھا، ملزمان واردات کے بعد اہلکار حارث کو اسلحہ واپس کردیا کرتے تھے۔
لوگوں سے لوٹ مار کرنے کے بعد ملزمان لوٹی گئی رقم کا ایک طے شدہ حصہ حارث کو بطور کرایہ ادا کرتے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار اہلکار مہلک ترین نشہ آئس بھی سپلائی کرتا تھا، گرفتار پولیس اہلکارحارث خود بھی نشے کا عادی ہے، گرفتار پولیس اہلکارحارث سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔