پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے : صدرِ مملکت
اسلام آباد: پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جاسکتا ہے
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 23 مارچ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے، 1940 میں اس دن مسلمانوں نے "جداگانہ انتخاب” کی بجائے "علیحدہ ریاست” کا مطالبہ کیا۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اس دن مسلمانوں نے واضح کیا کہ برصغیر کی تقسیم میں مزید تاخیر نہیں کی جاسکتی اور وقت نے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا مطالبہ سیاسی طور پر درست ثابت کیا۔
صدر مملکت کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں مختلف قومیتوں اور اقلیتوں کو ایک قوم میں یکجا کرنا ہے، پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جاسکتا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بن جائے گا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اتحاد اور تعاون سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے، ہم نے آزادی کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ ہم نے اندرونی اور بیرونی سازشوں پر کامیابی حاصل کی اور کرتے رہیں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے علمائے کرام کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کیا۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے سب ادارے جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں۔