Featuredخیبر پختونخواہ

اس وقت اسلام آباد میں ضمیر خریدنے کی منڈی لگی ہوئی ہے:عمران خان

مانسہرہ: ایمان والے کے ضمیر کو کوئی خرید نہیں سکتا، حق اور سچ کا راستہ آسان نہیں مشکل ہوتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت اسلام آباد میں ضمیر خریدنے کی منڈی لگی ہوئی ہے ، ایمان والے کے ضمیر کو کوئی خرید نہیں سکتا، حق اور سچ کا راستہ آسان نہیں مشکل ہوتا ہے ، لوٹوں کے ضمیر خریدنے کیلئے 20 سے 25 کروڑ کی آفر دی جارہی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر جلسے میں اپنے آپ کو کہتا ہوں فضل الرحمان کو ڈیزل نہیں کہوں گا، جب تقریر کیلئے کھڑا ہوتا ہوں تو پنڈال سے ڈیزل کی آواز آتی ہے، برے اور مشکل وقت میں پوری کوشش کی ڈیزل کی قیمت کم کی جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مانسہرہ کے عوام باشعور ہیں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، کبھی بھی ووٹ کے لیے اللہ اور رسولﷺ کا نام نہیں لیتا، اپنے تجربے سے سیکھانا چاہتا ہوں کہ صحیح راستہ کونسا ہے، اس وقت اسلام آباد میں منڈی لگی ہوئی ہے، ضمیر خریدنے کیلئے 20 کروڑ روپے صالح محمد کے سامنے رکھے گئے، ایک راستہ تھا صالح محمد پیسے لیتا اور مجھے برا بھلا کہتا، دوسرا راستہ مشکل ہے جو نبی ﷺ کا راستہ ہے وہ آسان نہیں تھا، حق اور سچ کا راستہ آسان نہیں مشکل ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوٹوں کے ضمیر خریدنے کیلئے 20 سے 25 کروڑ کی آفر دی جارہی ہے، سارا وقت یہ چوہے مل کر آپ کو برا بھلا کہتے، گالیاں نکالتے ہیں، اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرار داد پاس کرائی، ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف دن منایا جائے گا، آزادی رائے کے نام پر مسلمانوں کو تکلیف دی جاتی تھی، گزشتہ 30سال سے فضل الرحمان سیاست میں ہے اس نے یہ کیوں نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، بزدل انسان وہ ہوتا ہے جس میں ایمان نہیں ہوتا، ایمان والے کے ضمیر کو کوئی خرید نہیں سکتا، کوئی ڈرا نہیں سکتا، اللہ نے میری حکومت سے وہ کام لیا جو کسی دوسری حکومت سے نہیں لیا، فضل الرحمان 30سال سے اسلام کے نام پر سیاست کررہا ہے، یہ چوہے مل کر آپ کو بلیک میل کرتے ہیں، 3 چوہے مل کر میرا شکار کرنے آرہے ہیں ہم ان کو شکست دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کرپشن کے کیسز ختم کردوں، ان کے کرپشن کے کیسز ختم کرنا ملک سے بڑی غداری ہوگی، یہ عدم اعتماد کی نہیں، ساری جنگ این آر او کے لیے ہے، ماضی میں ایسے لیڈر آئے جنہوں نے ملک کا پیسہ چور ی کرکے باہر بھیجا، ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو دوسروں کا غلام بنادیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کیلئے ہی جنگ لڑ رہے تھے اور وہ ہم پر ڈرون حملے کررہا تھا، یہ اپنی دولت کے غلام ہیں انہوں نے کبھی ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ملک کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دیں گے، بھارت یکطرفہ اقدام واپس لے تو بات چیت کیلئے تیار ہیں، بھارت سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں مگر کشمیر کی حیثیت بحال کرے، ہم سب سے دوستی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ امر بالمعروف پر نہیں مغربی معاشرہ چل رہا ہے، اللہ کا حکم ہے ہر انسان بدی کے خلاف جہاد کرے، ایک بھگوڑا بیماری کا بہانہ کرکے ملک چھوڑ کر فرار ہوگیا، لندن کے مہنگے علاقے میں بیٹی کے نام پر محلات بنائے، شہباز شریف چوہا نمبر ون ہے، وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہا تھا۔ شہباز شریف کہتا ہے اگر میں ہوتا تو ایبسولوٹلی ناٹ نہ کہتا، شہباز شریف کہتا ہے امریکی یا یورپی یونین دیکھوں تو بولٹ پالش کردو۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ریکارڈ بر آمدات ہیں، مزدور نہیں مل رہے، چیلنج کرتا ہوں تاریخ میں کسی نے ایسی کارکردگی نہیں دکھائی ہوگی، ہم نے سڑکیں بنانے میں ایک ہزار ارب روپے کی بچت کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close