عمران خان اب وزارتِ عظمی کے عہدے پر فائز نہیں رہ سکتے : اپوزیشن لیڈر
اسلام آباد: تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج بھی نہ ہوئی ، قومی اسمبلی کا اجلاس 3 اپریل تک ملتوی کردیا گیا
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کو 3 اپریل صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اہم اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدرات شروع ہوا تاہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج بھی نہ ہوئی اور ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس اتوار کو صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کوئی بھی وقفہ سوالات کیلئے سنجیدہ نہیں ہے, تاہم ہم اجلاس ملتوی کررہے ہیں۔
اپوزیشن اراکین تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کرتے رہے، تاہم ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔
قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر اجلاس میں بحث بھی شامل تھا اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بحث کا آغاز کرنا تھا۔
وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں، عمران خان اب وزارتِ عظمی کے عہدے پر فائز نہیں رہ سکتے۔