Featuredاسلام آباد

جب تک آخری گیند نہیں ہوتی میچ کا فیصلہ نہیں ہوتا

اسلام آباد: لوگوں کو سمجھ آرہا ہے کہ پاکستان کیخلاف سازش ہورہی ہے،کپتان ماہر ہے کوئی پتہ نہیں کپتان کل کیا کرجائے

وزیراعظم ہاؤس میں اراکین پارلیمان کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دیگر وزراء بھی شریک تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک آخری گیند نہیں ہوتی میچ کا فیصلہ نہیں ہوتا، کپتان ماہر ہے کوئی پتہ نہیں کپتان کل کیا کرجائے، لوگوں کو سمجھ آرہا ہے کہ پاکستان کیخلاف سازش ہورہی ہے، امریکا کے ساتھ مل کر سازش کی گئی، بے ضمیر لوگ غیر ملکی غلامی قبول کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میری ساری زندگی مقابلہ کرنے میں گزری ہے، پہلی بار انہوں نے ہمیں دستاویز کے ذریعے دھمکی دی، کہا گیا عمران خان کو ہٹاؤ گے تو تعلقات اچھے ہوں گے، ملک کے غداروں کو ملا کر یہ گیم کھیلی جا رہی تھی، میں تو کبھی امریکا مخالف نہیں رہا، شیروانی سلوانے والے کو نہیں پتہ کہ اس کے ساتھ کل کیا ہونے والا ہے۔

ان کا کہا تھا کہ آج اپنے تمام ارکان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ پہلے دن سے چاہتے ہیں کہ میں انہیں این آر او دے دوں، انہوں نے این آر او کیلئے ہر حربہ استعمال کیا، پاکستان کے اندر ایک بہت بڑی تبدیلی آگئی ہے، میں نے 25 سالوں میں عوام کے اندر کبھی اتنا جذبہ نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ جو ہم نہیں کر سکتے تھے ان چوروں نے امریکا کے ساتھ مل کر کردیا، ان چوروں اور امریکا کی سازش کے خلاف ساری قوم آج اکٹھی ہے، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخاب کے نتائج کو غور سے دیکھیں، کل سب دیکھیں گے ملک بھر میں عوام کیسے نکلے گی، اپنے ساتھ کھڑے رہنے والے لوگوں کو کبھی نہیں بھولوں گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھاگنے والے ہر بجٹ سے پہلے میرے پاس فنڈز لینے آتے تھے، ان سے ملاقات سے پہلے میں 2 گولیاں ڈسپرین کی لیتا تھا، شکر ہے اللہ کا اب مجھے ان کی شکل نہیں دیکھنی پڑے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close